پاکستان تحریک انصاف نے سہیل آفریدی کو وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے عہدے پر برقرار رکھنے کا باضابطہ اعلان کردیا ہے۔
چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر خان کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن میں واضح کیا گیا ہے کہ سہیل آفریدی ہی وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے عہدے پر برقرار رہیں گے اور ان کی جگہ کسی دوسرے امیدوار کی نامزدگی کا فیصلہ نہیں کیا گیا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق پارٹی کے بانی عمران خان کے علاوہ کسی کو بھی وزیراعلیٰ کے متبادل امیدوار کی نامزدگی یا پہلے سے کیے گئے فیصلے میں تبدیلی کا اختیار حاصل نہیں ہوگا۔
پی ٹی آئی نے وزیراعلیٰ کی تبدیلی کے معاملے پر پارٹی رہنماؤں اور ارکان کو اجلاس بلانے، متبادل نام تجویز کرنے اور اس حوالے سے بحث کرنے سے بھی روک دیا ہے۔پارٹی کے اس فیصلے کے بعد وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کی تبدیلی سے متعلق کسی بھی پیش رفت کا اختیار صرف بانی پی ٹی آئی عمران خان کے پاس ہوگا۔