وزیراعظم سے سنگاپور کے وزیر خارجہ کی ملاقات، تجارت اور سرمایہ کاری بڑھانے پر تبادلہ خیال

image

وزیراعظم محمد شہباز شریف سے سنگاپور کے وزیر برائے امور خارجہ ڈاکٹر ویوین بالاکرشنن نے اسلام آباد میں ملاقات کی جس میں پاکستان اور سنگاپور کے درمیان دوطرفہ تعلقات، تجارت، سرمایہ کاری اور مختلف شعبوں میں تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات کے دوران وزیراعظم شہباز شریف نے سنگاپور کے ساتھ دیرینہ اور دوستانہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ رواں سال دونوں ممالک سفارتی تعلقات کے قیام کی 60ویں سالگرہ منا رہے ہیں جو دونوں ملکوں کے درمیان مضبوط تعلقات کا مظہر ہے۔

وزیراعظم نے سنگاپور کی اقتصادی تبدیلی، جدت اور ترقی کے شعبوں میں نمایاں کامیابیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان سنگاپور کے ساتھ دوطرفہ اور آسیان (ASEAN) سمیت کثیرالجہتی پلیٹ فارمز پر شراکت داری کو خصوصی اہمیت دیتا ہے۔

ملاقات میں دونوں فریقین نے دوطرفہ تجارت اور سرمایہ کاری میں اضافے کے امکانات کا جائزہ لیا جبکہ ڈیجیٹل معیشت، فن ٹیک، انفراسٹرکچر کی ترقی، لاجسٹکس، چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار اور خدمات کے شعبے میں تعاون بڑھانے پر بھی گفتگو کی۔

دونوں رہنماؤں نے باہمی مفاد پر مبنی اقتصادی تعاون کے نئے مواقع تلاش کرنے اور عوامی سطح پر روابط کو مزید فروغ دینے کی اہمیت پر زور دیا۔

ملاقات میں علاقائی اور عالمی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ اور کثیرالجہتی فورمز پر مسلسل تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US