اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق رواں مالی سال کے آغاز سے اب تک ملک کے مجموعی زرمبادلہ کے ذخائر میں 3.54 ارب ڈالر کی بڑھوتری ریکارڈ کی گئی ہے۔
مرکزی بینک کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ 13 نومبر کو ختم ہونے والے ہفتے تک ملکی زرمبادلہ کے کل ذخائر 26.77 ارب ڈالر کی سطح پر پہنچ گئے ہیں، جن میں اسٹیٹ بینک کے پاس موجود 21.58 ارب ڈالر اور کمرشل بینکوں کے 5.18 ارب ڈالر شامل ہیں۔
اس کے برعکس گزشتہ مالی سال کے اختتام پر مجموعی ملکی ذخائر کا حجم 23.23 ارب ڈالر تھا، جس میں سے 18.37 ارب ڈالر اسٹیٹ بینک جبکہ 4.85 ارب ڈالر کمرشل بینکوں کے پاس موجود تھے۔
اعداد و شمار کے مطابق رواں مالی سال کے دوران اسٹیٹ بینک کے ذخائر میں 3.21 ارب ڈالر اور کمرشل بینکوں کے ذخائر میں 331 ملین ڈالر کا اضافہ ہوا ہے۔ اسٹیٹ بینک کا کہنا ہے کہ زرمبادلہ کے یہ موجودہ ذخائر 3.93 ماہ کے درآمدی بل کی ادائیگی کے لیے کافی ہیں۔