پاکستان اور روس نے 2030 تک دوطرفہ تجارت کا حجم 5 ارب ڈالر تک بڑھانے کا ہدف مقرر کرتے ہوئے تجارت، سرمایہ کاری، توانائی، صنعت، زراعت اور دیگر اہم شعبوں میں تعاون کو وسعت دینے پر اتفاق کیا ہے۔
پاور ڈویژن کے اعلامیے کے مطابق پاکستان اور روس کے درمیان تجارت، اقتصادی، سائنسی اور تکنیکی تعاون سے متعلق بین الحکومتی کمیشن کا 11واں اجلاس ماسکو میں اختتام پذیر ہوگیا۔ اجلاس کی مشترکہ صدارت وفاقی وزیر توانائی سردار اویس احمد خان لغاری اور روس کے وزیر توانائی سرگئی تسیویلیف نے کی۔
اجلاس کے دوران پاکستان اور روس کے درمیان بین الحکومتی کمیشن کے 11ویں اجلاس کے پروٹوکول اور 2026 سے 2030 تک اقتصادی تعاون کے پروگرام پر دستخط کیے گئے۔ دونوں ممالک نے دوطرفہ اقتصادی تعاون کا جائزہ لیتے ہوئے مستقبل میں تعاون کے لیے ترجیحی شعبوں کی نشاندہی بھی کی۔
اعلامیے کے مطابق اجلاس میں گزشتہ اجلاس میں ہونے والی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا جبکہ تجارت، سرمایہ کاری، توانائی، صنعتی ترقی، زراعت، ادویہ سازی، ٹرانسپورٹ روابط، تعلیم، سائنس و ٹیکنالوجی اور ثقافت کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
پاکستان اور روس نے منڈیوں تک رسائی بڑھانے، سرمایہ کاری کے عمل کو آسان بنانے اور دونوں ممالک کے کاروباری اداروں کے درمیان روابط مضبوط کرنے پر اتفاق کیا۔ دونوں جانب سے طے شدہ اقدامات پر مؤثر عمل درآمد اور ادارہ جاتی روابط برقرار رکھنے کے عزم کا بھی اعادہ کیا گیا۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ اجلاس میں دوطرفہ تعلقات کو ٹھوس اقتصادی نتائج میں تبدیل کرنے کے لیے مشترکہ اقدامات پر اتفاق کیا گیا جبکہ دونوں ممالک نے بامقصد اور باہمی مفاد پر مبنی شراکت داری کو فروغ دینے کے عزم کا اظہار کیا۔
واضح رہے کہ پاکستان اور روس کے درمیان بین الحکومتی کمیشن کا 10واں اجلاس اسلام آباد میں منعقد ہوا تھا جبکہ 12واں اجلاس 2027 میں پاکستان میں ہوگا۔