کوہلو کے علاقے جاندران میں مسلح افراد کی فائرنگ، چمالانگ کول مائنز کے 11 مقامی مزدور جاں بحق

image

کوہلو کے علاقے جاندران میں نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے کوئلے کی کان میں کام کرنے والے 11 مزدور جاں بحق ہوگئے ہیں۔

پولیس حکام کے مطابق مقتولین کا تعلق چمالانگ کول مائنز سے تھا، جنہیں پہلے اغوا کیا گیا اور بعد ازاں فائرنگ کر کے قتل کردیا گیا۔

ترجمان بلوچستان پولیس نے وضاحت کی ہے کہ جاں بحق ہونے والے تمام مزدور مقامی تھے اور چمالانگ کول پراجیکٹ کی ایک مقامی مائننگ کمپنی میں ملازمت کرتے تھے، جنہیں اس وقت نشانہ بنایا گیا جب وہ دو گاڑیوں میں سوار ہو کر معمول کے مطابق کام پر جا رہے تھے۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور لاشوں کو ضابطے کی کارروائی کے لیے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتال کوہلو منتقل کرنے کا عمل شروع کر دیا گیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ مقتولین میں سے دو افراد کی شناخت مکمل کر لی گئی ہے جبکہ باقی افراد کی شناخت کا سلسلہ جاری ہے، اور سکیورٹی فورسز نے ملزمان کی گرفتاری کے لیے پورے علاقے کا محاصرہ کر کے سرچ آپریشن شروع کردیا ہے۔

دوسری جانب صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے کوہلو کے علاقے چمالانگ میں پیش آنے والے اس واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔

صدر آصف علی زرداری نے اپنے بیان میں کہا کہ محنت کشوں کو اغوا کر کے قتل کرنا ایک بزدلانہ اور سفاکانہ فعل ہے، اور غیر ملکی سرپرستی میں دہشت گردی کے ذریعے خوف پھیلانے والے عناصر اپنے عزائم میں کامیاب نہیں ہوں گے، جنہیں قانون کے کٹہرے میں لا کر قرار واقعی سزا دی جائے گی۔

وزیراعظم شہباز شریف نے بھی گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے اس حملے کو انسانیت سوز قرار دیا اور کہا کہ بے گناہ شہریوں کو نشانہ بنانے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں۔ دونوں رہنماؤں نے جاں بحق افراد کے درجات کی بلندی اور سوگوار خاندانوں کے لیے صبر و استقامت کی دعا کرتے ہوئے لواحقین سے مکمل یکجہتی کا اظہار کیا۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US