وزیراعلیٰ کا چین کی کمیونسٹ پارٹی کی سینٹرل کمیٹی کے انٹرنیشنل ڈیپارٹمنٹ کے وائس منسٹر کے اعزاز میں حضوری باغ میں عشائیہ

image
لاہور18 دسمبر: وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے آج چین کی کمیونسٹ پارٹی کی سینٹرل کمیٹی کے انٹرنیشنل ڈیپارٹمنٹ کے وائس منسٹر زینگ شی سانگ اور ان کے وفد کے اعزاز میں حضوری باغ میں عشائیہ دیا۔وائس منسٹر کمیونسٹ پارٹی آف چائنہ زینگ شی سانگ نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ شہبازشریف نے پاک چین تعلقات کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ وزیراعلیٰ کے دورہ چین کے دوران میں ان کے کام سے بہت متاثر ہوا۔ اگرچہ چینی قوم بہت محنتی اور انتھک ہے لیکن شہبازشریف ہم سے بھی زیادہ محنتی اور انتھک ہیں۔

دورہ چین کے دوران میں ہر جگہ وزیراعلیٰ شہبازشریف کے ساتھ رہا۔شہبازشریف صبح سے رات گئے تک میٹنگز اور صرف کام کرتے تھے۔اکثر میں تھک جاتا تھا لیکن شہبازشریف نہیں تھکتے تھے۔وزیراعلیٰ شہبازشریف نے پنجاب میں منصوبوں کو مثالی رفتار سے آگے بڑھایا ہے۔ چین میں وزیراعلیٰ شہبازشریف کی کام کرنے کی رفتار کو ’’پنجاب سپیڈ‘‘ کا اعزاز ملا ہے اور یہ پنجاب سپیڈ نہیں بلکہ ’’شہباز سپیڈ‘‘ ہے۔ وزیراعلیٰ شہبازشریف کی قیادت میں پنجاب کا مستقبل روشن اور تابناک ہے۔ انہو ں نے کہا کہ پاکستان میں سی پیک کے منصوبوں پر تیزی سے عملدرآمد کیا جا رہا ہے۔ سی پیک کو کامیاب کرنے کیلئے پاکستان اور چین کوئی کسر اٹھا نہ رکھیں گے۔پنجاب میں سی پیک کے تحت 9 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کی جا رہی ہے جبکہ دیگر صوبوں میں اس سے زیادہ سرمایہ کاری ہو رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور چین دو عظیم دوست ملک ہیں۔ یہ عظیم دوستی آزمائش کی ہر گھڑی پر پورا اتری ہے۔ میں 15 برس قبل لاہور آیا تھا لیکن اب لاہور ایک ترقی یافتہ شہر بن چکا ہے اور ترقی کا یہ سفر میرے بھائی شہبازشریف کی قیادت میں طے ہوا ہے جس پر میں انہیں مبارکباد دیتا ہوں۔ وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے عشائیے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم محمد نوازشریف کے دور میں پاک چین تعلقات نئی بلندیوں کو چھو رہے ہیں۔ دونوں ملک کی مشکل کی ہر گھڑی میں ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے رہے ہیں اور چین آج بھی پاکستان کے ساتھ چٹان کی طرح کھڑا ہے ۔ چین نے توانائی بحران کے خاتمے کیلئے پاکستان کا ہاتھ تھاما ہے۔اپریل 2015 میں چین کے صدر پاکستان آئے اور معاہدوں پر دستخط ہوئے اور جولائی میں ترقیاتی منصوبوں پر کام کا آغاز کر دیا گیا۔ چین کی قیادت اور اعلیٰ اداروں کے سربراہوں نے ترقیاتی منصوبوں پر کام کی رفتار اور شفافیت کو سراہا ہے جو ہمارے لئے ایک اعزاز ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور چین عظیم اور مخلص ساتھی ہیں۔دورہ چین کے دوران میرے اور میرے وفد کو بے مثال پذیرائی ملی۔چین او رپاکستان کے عوام باہمی احترام اور محبت کے رشتوں میں جڑے ہوئے ہیں۔چین نے پاکستان کے ساتھ دوستی کا حق نبھایا ہے۔سی پیک کے تحت پاکستان بھر میں منصوبے تیزی سے مکمل کئے جا رہے ہیں۔آئندہ سال جون میں ساہیوال کا 1320 میگاواٹ کا کول پاور پلانٹ بجلی کی پیداوار شروع کر دے گا جو ایک تاریخی موقع ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ چین کی قیادت اور حکومت نے پاکستان میں منصوبوں پر انتھک محنت سے کام کی تعریف کی ہے،بلاشبہ یہ وزیراعظم محمد نوازشریف کی قیادت میں موجودہ حکومت کی شفافیت اور خدمت کی پالیسی ہے جس کے باعث ہمارا عظیم دوست چین بھی آج منصوبوں میں رفتار، معیار اور شفافیت کی تعریف کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج پاکستان بھر میں سی پیک کے پھولوں کی مہک پھیل چکی ہے اور پوری دنیا میں سی پیک کا ڈنکا بج رہا ہے۔

انہو ں نے کہا کہ سی پیک کے مثبت اثرات پاکستان میں ظاہر ہونا شروع ہو چکے ہیں۔ چین نے سفارتی، سیاسی اور بین الاقوامی سطح پر پاکستان کی بھرپور حمایت کی ہے۔ پاکستان کے عوام چین کی قیادت اور حکومت کی محبت، خلوص اور ایثار پر شکرگزار ہیں۔ کشمیر کا مسئلہ ہو یا پانی کا، چین چٹان کی طرح پاکستان کے ساتھ کھڑا رہا ہے۔پاکستان اور چین ترقی اور خوشحالی کے سفر میں قدم سے قدم ملا کر چلتے رہیں گے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ پاکستان کے طلبا و طالبات کو چینی زبان سیکھنے کیلئے چین بھجوایا گیا ہے۔یہ طلبا و طالبات دونوں ملکوں کے تعلقات کو مزید آگے بڑھانے میں پل کا کردار ادا کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) او رکمیونسٹ پارٹی آف چائنہ کے مابین بہترین دیرینہ تعلقات ہیں اور دونوں جماعتوں کے درمیان تعلقات میں آنے والے دنوں میں مزید وسعت آئے گی۔ عشائیہ میں چین قونصل جنرل یو بورن، صوبائی وزراء، اراکین اسمبلی، چیف سیکرٹری، انسپکٹر جنرل پولیس اور پنجاب حکومت کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔
 


About the Author:

مزید خبریں
تازہ ترین خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.