کراچی میں پانچویں ‘‘انگلش ایکسس مائیکرواسکالرشپ’’ پروگرام کا آغاز

18 Apr, 2017 ہماری ویب
کراچی: پانچویں ‘‘انگلش ایکسس مائیکرو اسکالرشپ’’ پروگرام کے آغاز کے موقع پر کراچی میں امریکی قونصلیٹ کے عہدےداروں اور ‘‘ایوولیوشن’’ کے عملے نے 150 نئے طلبہ کا استقبال کیا۔

‘‘انگلش ایکسس مائیکرو اسکالرشپ’’ پروگرام (Access) طلبہ کو انگریزی زبان سکھانے اور ان میں قائدانہ صلاحیتیں بیدار کرنے کا دو سالہ پروگرام ہے جس کے ذریعے محروم اور پس ماندہ طبقے کے 13 سے 20 سال کے طلبہ کو تربیت دی جاتی ہے۔

تقریب کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے امریکی سفارت خانے کی ‘علاقائی افسر برائے زبان و تعلیم’ ماریہ سنارسکی نے کہا کہ ‘‘انگلش ایکسس مائیکرو اسکالرشپ پروگرام نوجوانوں کو یہ موقع فراہم کرتا ہے کہ وہ انگریزی زبان کی اعلیٰ مہارت اور قائدانہ اوصاف حاصل کریں، یہ صلاحیتیں انھیں اعلیٰ تعلیم اور بہتر روزگار کے مواقع فراہم کرنے کے ساتھ عالمی برادری سے رابطے بڑھانے میں بھی مدد دیتی ہیں۔’’

Access پروگرام کے ذریعے اب تک دنیا بھر کے 80 سے زائد ممالک میں ایک لاکھ پندرہ ہزار سے زیادہ طلبہ کو تربیت فراہم کی جاچکی ہے۔ ایکسس پروگرام کا پاکستان میں آغاز 2004ء میں ہوا اور پاکستان میں اب تک 13 ہزار سے زائد طلبہ اس پروگرام سے مستفید ہوچکے ہیں۔ ایکسس پروگرام کے طلبہ اپنی برادریوں کو درپیش مسائل سے آگہی حاصل کرتے ہیں، ان میں مثبت شہری رویہ پروان چڑھتا ہے، محروم طبقات کے لیے ہمدردی کے جذبات پیدا ہوتے ہیں اور ان کی قائدانہ صلاحیتوں کو فروغ ملتا ہے۔

کراچی کے بعد اب چند ہفتوں میں یہ پروگرام سکھر اور حیدرآباد میں بھی شروع کیا جائے گا، سکھر میں تین اضلاع میں ایکسس پروگرام کی مشترکہ افتتاحی تقریب منعقد کی جائے گی، ان اضلاع میں سکھر، نوشہرو فیروز اور خیرپور شامل ہیں جہاں یہ پروگرام پہلی بار شروع کیا جارہا ہے۔
 

Click here for Online Academic Results

Watch Live News

Post Your Comments
Select Language:    
MORE ON NEWS
MORE ON HAMARIWEB