31 جولائی تک میٹرک کا رزلٹ جاری کر دیا جائے گا

image
کراچی …… ثانوی تعلیمی بورڈ کے تحت ہونے والے سائنس فیکلٹی کے نویں اور دسویں کے سالانہ امتحانات کے آخری دن بدھ کو میٹرک کا انگلش لازمی کا پرچہ ہوااس دوران خصوصی ویجلینس ٹیموں اور ضلعی انتظامیہ کے افسران کے علاوہ چیئرمین بورڈ پروفیسر ڈاکٹر سعید الدین نے بھی مختلف امتحانی مراکز کا دورہ کیا۔ تفصیلات کے مطابق چیئرمین میٹرک بورڈ نے ایک اجلاس میں بتایا کہ سائنس اور جنرل گروپ کے یہ امتحانات 28مارچ سے شروع ہو کر 3 مئی 2017تک صوبہ سندھ میں ہونے والی مردم شماری کی وجہ سے دو مرحلوں میں ہوئے جس میں 382سائنس اور 79جنرل گروپ کے امتحانی مراکز میں تقریباً ساڑھے تین لاکھ سے زائد امیدواروں نے شرکت کی جو گزشتہ سالوں کے مقابلوں میں 5فیصدزیاد ہ تھے۔

چیئرمین بورڈ پروفیسر ڈاکٹر سعید الدین نے بتایا کہ اس سال سائنس اور جنرل گروپ میں 135 امیدوار نقل کرتے ہوئے پکڑے گئے جن میں 18افراد اصل امیدواروں کی جگہ پرچہ دے رہے تھے اان تمام افراد کے کیسز بورڈ کی جانب سے بنائی گئی کمیٹی کے سپرد کر دیئے گئے ۔ انہوں نے کہا کہ نقل کی روک تھام پر قابو پانے کے باعث اس دفعہ نقل مافیا کو اپنی اس گھناؤنی سازش کا کھل کر موقع نہیں مل سکا، شفاف امتحانات کے انعقاد کیلئے تمام اداروں سے تعاون حاصل رہا ، انہوں نے کہا کہ پر امن اور پر عزم امتحانات کا انعقاد میڈیا، ضلعی انتظامیہ ،ڈویژنل انتظامیہ، والدین ، سینئر اساتذہ پر مشتمل ٹیموں اور امتحانی کام پر مامور بورڈ کے عملے کو جاتا ہے جن کی دن رات کوششوں نے ثابت کیا کہ شفاف امتحانات کرانا نا ممکن نہیں ہے، کچھ امتحانی مراکز پر بدنظمی دیکھنے میں آئی جس کا فوری نوٹس لیتے ہوئے ان امتحانی سینٹر کو تبدیل بھی کیا گیا ، مختلف امتحانی مراکز کے دورہ اوربورڈ میں بنائے گئے رپورٹنگ سیل میں شکایت موصول ہونے پر کام میں غفلت برتنے والی معائنہ ٹیموں پر مامور سینٹر سپرنٹنڈنٹ، ویجیلینس آفیسر اور سینٹر کنٹرول آفیسر کو سبکدوش کر دیا گیا۔انہوں نے کہا کہ جن علاقوں سے امتحانی مراکز کی زیادہ شکایات موصول ہوئی ہیں ان سینٹرز کو بلیک لسٹ کر دیا جائے گا ، کام میں کوتاہی کرنے والے آفیسر کو آئندہ کسی بھی امتحان میں شریک نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ جلد ہی سینئر اساتذہ پر مشتمل ایک کمیٹی تشکیل دے کر آئندہ امتحانات میں زیادہ بہتری لانے کیلئے لائحہ عمل کو حتمی شکل دی جائے گی۔چیئرمین میٹرک بورڈ نے کہا کہ مرکزی سینٹرز پر کاپیوں کی جانچ کا کام بھی فوری طور پر شروع کر دیا گیا ہے تاکہ صوبائی محکمہ تعلیم کی اسٹیئرنگ کمیٹی کی جانب سے مقرر کردہ تاریخ 31 جولائی 2017 تک رزلٹ بھی جاری کر دیا جائے ۔


Click here for Online Academic Results

About the Author:

مزید خبریں
تعلیمی خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.