داؤد پبلک اسکول میں بچوں کے دن کا جشن مختلف اسکولوں کے طالب علموں کے ساتھ منایا گیا۔

image
داؤد پبلک اسکول میں بچوں کے دن کا جشن مختلف اسکولوں کے طالب علموں کے ساتھ منایا گیا۔ جشن میں مختلف طبقاتی نظام کے تین ہزار سے زائد بچوں کی شرکت۔ تقریب میں رنگا رنگ تقریحی وتربیتی پروگرام کے انعقاد میں طالب علموں کے ساتھ ساتھ ان کے والدین نے بھی رضاکارانہ طور پر حصہ لیا۔

کراچی(20نومبر2017ء) ہمارے ملک میں موجود تمام طبقاتی نظام اور علاقوں کے بچوں کا ایک دوسرے کے ساتھ کھیلنا، ایک چھت کے نیچے تفریحی و تربیتی سرگرمیوں میں حصہ لینا ، رنگ و نسل کے امتیاز کو بلائے طاق رکھ کر ایک دوسرے کی مدداورتعاون کرنا،ان میں ہم آہنگی ہونا ہی بچوں کے عالمی دن کی حقیقی نمائندگی کرتا ہے۔ جب تک بچوں میں ایک دوسرے سے برتری اورابتری کے احساس کو ختم کر کے ان کے درمیان ہم آہنگی نہیں پیدا کی جائے گی اس وقت تک معاشرے میں خوشحالی نہیں لائی جا سکتی۔بچوں کی بہتری کے لئے ایسے عوامل کو فروغ دینا ضروری ہے۔ ان خیالات کا اظہارتقریب کی منتظم اورداؤد پبلک اسکول کی استاد نسرین حسن نے داؤد پبلک اسکول میں منعقدہ بچوں کے عالمی دن کے جشن کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

داؤد پبلک اسکول کے زیر اہتمام گذشتہ روزبچوں کے دن کا جشن تھیم ’’شیئرنگ اور کیئرنگ‘‘ کے حوالے سے منایا گیا جس میں شہر بھر سے 7مختلف اسکولوں کے 3000سے زائد بچوں نے شرکت کی۔بچوں کے عالمی دن کے جشن کی رنگا رنگ تقریب میں طالب علم داؤد پبلک اسکول کے والدین نے بھی رضاکارانہ طور پر حصہ لیا اورہر عمر سے تعلق رکھنے والے بچوں کے لئے مختلف پروگرامز کا انعقاد کیا ۔جسکا مقصد ہر طبقے سے تعلق رکھنے والے بچوں کا آپس میں ایک دوسرے کے ساتھ کھیل کر ہم آہنگی پیدا کرنا اورانہیں مساوات کا درس دینا تھا۔

تقریب میں شامل اسکولوں میں داود پبلک اسکول اورراحتِ اسلامیہ گورنمنٹ گرلز اسکول(جسے داؤد فاؤنڈیشن نے اپنایاہے) سمیت لیڈی مریم اسکول، ڈیولپمنٹ اِن لٹریری،اسپیشل اولمیپکس،ایکلپ(Aclep)،خاتونِ پاکستان اسکول اوردِی سوسائٹی آف ریہبلیشن آف اسپیشل چلڈرن شامل تھے۔ تقریب میں بچوں کے لئے میجک شو،ببل شو،پلے ڈو،سلِم میکنگ،چالک ایکٹیویٹی،ائیرپاورڈ ویکل، لیگو،پارٹی ٹائم اور مختلف گیمز کے ساتھ ساتھ انہیں معلوماتی اور تربیتی فلمیں دیکھانے کا بھی انتظام کیا گیاتھا۔جبکہ اس تقریب کی تھیم ’’شیئرنگ اور کیئرنگ‘‘ کے حوالے سے بچوں کے لئے خصوصی سیشن بھی رکھے گئے جس کے ذریعے بچوں میں ایک دوسرے کی مدد، تعاون،ہمدردری اور ایثارکے جذبات اور احساسات پیدا کرنے کی کوشش کی گئی تاکہ وہ معاشرے میں ایک بہترین شہری اوراچھے انسان کا کردار ادا کر کے ملک و قوم کی فلاح و بہبود کا ضامن بنیں۔تقریب میں خصوصی بچوں کے لئے نہ صرف مختلف پروگرامز شامل کئے گئے بلکہ انہیں نارمل بچوں کے ساتھ مل کر زندگی گزارنے کا احساس بھی دیا گیا۔ تقریب کے شرکاء حیران کن میجک شو سے بے حد محظوظ ہوئے جس میں جادو گر نے مختلف طریقوں اور حربوں کا استعمال کر کے شائقین کودنگ کر دیا ۔ اسکے ساتھ ہی چالک کے ذریعے مختلف آرٹ ورک بناکر اساتذہ اور طلباء نے اپنی تخلیقی صلاحیتوں کامظاہرہ کیا ۔تقریب کا مقصد نوجوان نسل کو مثبت سر گر میوں کے ذریعے دنیا کی مختلف جہتوں سمیت معاشرے اور زندگی کی حقیقتوں سے روشناس کرانا تھا۔

اس موقع پر طالب علم داؤد پبلک اسکول کے رضاکار والدین نے تقریب کو خوبصورت اور یادگار بنانے میں ایک اہم کردار ادا کیا۔انہوں نے نہ صرف طلباء کے لئے خوبصورتی سے محفوظ کئے گئے تحفوں اورجمپنگ کیسٹل کا اہتمام کیابلکہ بچوں کے ساتھ سرگرمیوں میں بھی حصہ لے کر انتظامی عملے کی مددبھی کی۔اس موقع پر والدین میں سے ڈاکٹرفرح نے کہا کہ ہم داؤد پبلک اسکول کے اس عمل سے بے حدخوش ہیں کہ انہوں نے کراچی میں مختلف طبقاتی نظام خصوصا کم امتیاز شدہ اسکولوں کی میزبانی کی ۔ان اسکولوں کے بچوں کے ساتھ کھیل کر ہمارے بچے امتیازی سلوک کے بغیر فرد کی قدر کر نا سیکھیں گے اور ان میں مساوات اور دوسروں کا احساس پیدا ہوگا۔ایسی کوشش کراچی کے ہر اسکول میں ہونی چاہیے۔

داؤد پبلک اسکول کے اساتذہ ،رضاکار والدین اورکارکنوں کی غیر معمولی کوششوں پر تبصرہ کرتے ہوئے خصوصی بچوں کے بحالی کی سوسائٹی(the Society for the Rehabilitation of Special Children ) کے طلعت ہاشمی نے کہا کہ ہم داؤد پبلک اسکول کااور ان تمام لوگوں کا شکریہ ادا کرنا چاہتے ہیں جنہوں نے اپنا وقت اور توانائیاں وقف کرکے ہر طبقاتی نظام اورخصوصی بچوں کو اس تقریب میں شامل کیا اس عمل سے بچوں کی حوصلہ افزائی ہوئی ہے اور ان میں ہم آہنگی اور بھائی چارگی پیدا ہوگی ۔بچوں میں ہمدردی کو فروغ دینے کی ایسی کوششیں ہی انہیں بہتر انسان بننے میں مدد دیتی ہیں ایسی تقاریب ایک خوش آئند عمل ہے جو جاری رہنا چا ہیے۔


Click here for Online Academic Results

About the Author:

مزید خبریں
تعلیمی خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.