مہران یونیورسٹی میں ’’یو ایس پاکستان سینٹر فار ایڈوانس اسٹڈیز‘‘سے ماسٹرز کرنے والے طلبہ میں اسناد کی تقسیم

image
کراچی:امریکی قونصل جنرل گریس شیلٹن نےمہران یونیورسٹی میں ’’یو ایس پاکستان سینٹر فار ایڈوانس اسٹڈیز‘‘کے کانووکیشن میں شرکت کی۔ انھوں نے اور مہران یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر محمد اسلم عقیلی نے ماسٹرز کرنے والے طلبہ میں ڈگریاں اور میڈل تقسیم کیے۔ یہ اس سینٹر سے ماسٹرز کرنے والا طلبہ کا پہلا گروپ ہے جس نے امریکی حکومت کے تحت یوٹا یونیورسٹی کے طلبہ و اساتذہ کے ایکسچینج پروگرام میں بھی حصہ لیا۔ ماسٹرز کرنے والے طلبہ کو امریکی حکومت کی جانب سے اسکالرشپ بھی فراہم کی گئیں۔

مہران یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر محمد اسلم عقیلی نے یوایس ایڈ کی امداد کو سراہا اور صوبے میں تعلیم و صحت کے منصوبوں میں مدد پر امریکی حکومت اور عوام کا شکریہ ادا کیا۔

امریکی قونصل جنرل گریس شیلٹن نے طلبہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ‘‘آپ سب پاکستان کو درپیش آبی مسائل حل کرنے کی صلاحیت، عزم اور حوصلہ رکھتے ہیں۔ یہاں سے حاصل کردہ نئی معلومات اور مہارتوں کے ذریعے آپ پاکستانی عوام کی صاف پانی، نکاسی آب اور حفظان صحت کی سہولتوں تک رسائی کو بہتر بنانے کے لیے اہم کردار ادا کرسکتے ہیں اور اس کے علاوہ پانی کے ماحولیاتی نظام کی حفاظت اور ماحولیاتی تبدیلی کے خطرات سے نمٹنے میں پاکستان کی مدد کرسکتے ہیں۔ میں آپ کو مبارکباد پیش کرتی ہوں اور اس کے ساتھ یہ چیلنج بھی کرتی ہوں کہ آپ آج سے ہی تبدیلی کے لیے کردار ادا کرنا شروع کریں اور پاکستان کے روشن کل کی بنیاد رکھیں۔’’

مہران یونیورسٹی کا ’’یو ایس پاکستان سینٹر فار ایڈوانس اسٹڈیز‘‘ امریکی حکومت کی مدد سے پاکستانی یونیورسٹیوں میں قائم کیے گئے 4 تحقیقی مراکز میں سے ایک ہے۔ یہ اقدام یو ایس پاکستان سینٹرز فار ایڈوانس اسٹڈیز کے 12 کروڑ 70 لاکھ ڈالر کے بڑے پروگرام کا حصہ ہے جس کا مقصد پانی، توانائی، زراعت اور فوڈ سیکیورٹی کے شعبوں میں پاکستان کو درپیش مسائل پر اطلاقی تحقیق کے ذریعےان کو حل کرنے کے اقدامات تجویز کرنا ہے۔

 


About the Author:

مزید خبریں
تازہ ترین خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.