انٹرمیڈیٹ بورڈ: امتحانی فارم جمع کروانے کی تاریخوں کا اعلان

image
اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی نے انٹرمیڈیٹ حصہ اول کے سالانہ امتحانات برائے 2018ء میں شرکت کے خواہشمند اور اہل ایسے امیدواروں کیلئے امتحانی فارم جمع کروانے کی تاریخوں کا اعلان کردیا ہے جنہوں نے ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی سے میٹرک کے ضمنی امتحانات 2017ء (S.S.C Supplementary Examinations 2017) میں کامیابی حاصل کی ہے ، امتحانی فارمز 22 جنوری سے جمع ہونا شروع ہوں گے۔

بورڈ کی طرف سے جاری کردہ پروگرام کے مطابق ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی سے میٹرک کے ضمنی امتحانات 2017ء میں کامیابی حاصل کرنے والے گورنمنٹ کالجوں اور ہائر سیکنڈری اسکولوں کے سائنس پری میڈیکل، پری انجینئرنگ، سائنس جنرل، کامرس، آرٹس اور ہوم اکنامکس گروپس کے طلباء سالانہ امتحانات برائے 2018ء میں شرکت کیلئے اپنے امتحانی فارم بروز پیر 22جنوری سے بروز بدھ 28فروری تک اپنے تعلیمی اداروں میں جمع کرواسکتے ہیں، کالجز اور ہائیر سیکنڈری اسکولز یہ امتحانی فارمز یکم مارچ تک بورڈ آفس میں جمع کروانے کے پابند ہوں گے، یاد رہے کہ رواں سال محترم وزیراعلیٰ سندھ کی ہدایت کے مطابق تمام گورنمنٹ کالجز اور ہائر سیکنڈری اسکولوں کے طلباء کی امتحانی فیس معاف کردی گئی ہے، لہٰذا گورنمنٹ تعلیمی اداروں کے طلباء بغیر کسی فیس کے امتحانی فارمز اپنے کالجوں اور ہائیر سیکنڈری اسکولوں میں جمع کرواسکتے ہیں۔

اسی طرح پرائیویٹ کالجوں اور ہائر سیکنڈری اسکولوں کے سائنس پری میڈیکل، پری انجینئرنگ، سائنس جنرل، کامرس، آرٹس اور میڈیکل ٹیکنالوجی کے ایسے طلباء سالانہ امتحانات 2018ء میں شرکت کیلئے اپنے امتحانی فارم بروز پیر 22جنوری سے 12فروری 2018ء تک اپنے تعلیمی اداروں میں جمع کرواسکتے ہیں جبکہ پرائیویٹ کالجز اور ہائر سیکنڈری اسکولز یہ امتحانی فارمز بمع فیسوں کے پے آرڈرز بروز بدھ 14فروری تک بورڈ آفس میں جمع کروانے کے پابند ہوں گے۔جو امیدوار مقررہ تاریخ تک اپنے امتحانی فارم جمع نہ کراسکیں وہ پانچ سو روپے لیٹ فیس کے ساتھ 14فروری سے 22فروری تک جبکہ ایک ہزار روپے لیٹ فیس کے ساتھ 26فروری سے 6مارچ 2018ء تک امتحانی فارم اپنے کالجوں میں جمع کرواسکتے ہیں۔

کامرس اور آرٹس پرائیویٹ گروپس کے امتحانات میں شرکت کے خواہشمند ایسے امیدوار اپنے امتحانی فارم 22جنوری سے 13فروری تک انٹربورڈ میں قائم حبیب بینک کے بوتھ سمیت UBL کی مقررہ دس برانچوں میں جمع کرواسکتے ہیں، جو امیدوار مقررہ تاریخوں میں امتحانی فارمز جمع نہیں کرواسکیں وہ 14فروری سے 26فروری تک پانچ سو روپے لیٹ فیس کے ساتھ جبکہ 27 فروری سے 8مارچ تک ایک ہزار روپے لیٹ فیس کے ساتھ اپنے فارمز جمع کرواسکتے ہیں۔

پرائیویٹ امیدوار اپنے امتحانی فارم بورڈ میں واقع حبیب بینک کے بوتھ کے علاوہ UBLکی دس برانچوں نارتھ کراچی برانچ ناگن چورنگی، نصیر آباد برانچ رحیم آباد نصیر آباد ایف بی ایریا شاہراہ پاکستان، کورنگی کے ایریا برانچ کے ایریا کورنگی نمبر پانچ، حسین ڈی سلوا برانچ سمیع ٹاور قادری مارکیٹ بلاک اے نارتھ ناظم آباد، اورنگی ٹاؤن برانچ نزد میٹرو سینما اورنگی ٹاؤن نمبر تین، ملیر ٹاؤن شپ برانچ ملیر ٹاؤن نیشنل ہائی وے، شہید ملت برانچ شہید ملت روڈ بالمقابل کراؤن پلازہ، حامد اسکوائر برانچ حامد اسکوائر بلاک 3 گلشن اقبال نزد ڈسکو بیکری، گارڈن برانچ نشتر روڈ بالمقابل زولوجیکل گارڈن اور بھٹائی کالونی برانچ پلاٹ نمبر 410/411بھٹائی کالونی کورنگی کراسنگ میں جمع کرواسکتے ہیں۔برانچز کی مزید تفصیلات بورڈ کی ویب سائٹ www.biek.edu.pk سے حاصل کی جاسکتی ہیں۔
 


Click here for Online Academic Results

About the Author:

مزید خبریں
تعلیمی خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.