امریکی حکومت کی امداد سے معذور افراد کے لیے ’’ٹیک کیمپ‘‘ کا انعقاد

image
کراچی :امریکی قونصل جنرل گریس شیلٹن نے 20 اور 21 جنوری کو امریکی حکومت کی امداد سے منعقد کیے جانے والے دو روزہ ہائی ٹیک کیمپ کا افتتاح کیا جس کا مقصد خصوصی افراد کو سوشل میڈیا کے ذریعے بااختیار بنانا تھا۔ ٹیک کیمپ پاکستان میں امریکی مشن کے پروگراموں کے سلسلے کا حصہ ہے جس کے ذریعے معذور افراد کو نئی ٹیکنالوجی سیکھنے اور سوشل میڈیا کے ذریعے اپنے حقوق کے لیے آواز بلند کرنے میں مدد دی جاتی ہے۔

لیاقت میموریل لائبریری کے لنکن کارنر میں منعقد کیا جانے والا یہ ایونٹ امریکی قونصلیٹ جنرل کراچی، دی نیٹ ورک آف آرگنائزیشن ورکنگ فار پیپلز ود ڈس ایبیلٹیز پاکستان (NOWPDP) اور ڈیجیٹل میڈیا کمپنی ایسٹ ریور نے مشترکہ طور پر منعقد کیا۔

شرکا سے خطاب کرتے ہوئے امریکی قونصل جنرل گریس شیلٹن کا کہنا تھا کہ ’’معذوری میں مبتلا افراد کو بااختیار بنانا اور ان کی معاشرے میں شمولیت بنیادی انسانی حقوق کے فروغ کا لازمی حصہ ہے۔ سوشل میڈیا نے ہمیں اپنی آواز اٹھانے کا ایسا پلیٹ فارم مہیا کیا ہے جس کے بارے میں ماضی میں سوچا بھی نہیں جاسکتا تھا۔ میں آپ کی حوصلہ افزائی کرتی ہوں کہ اس ایونٹ میں سیکھی گئی صلاحیتوں کے ذریعے آگاہی بڑھائیں اور معاشرے میں مثبت تبدیلی کی وکالت کریں۔‘‘

دی نیٹ ورک آف آرگنائزیشن ورکنگ فار پیپلز ود ڈس ایبیلٹیز پاکستان کے صدر امین ہاشوانی نے ٹیک کیمپ کے انعقاد اور معذور افراد کی مدد کے دیگر پروگراموں پر امریکی قونصلیٹ جنرل کا شکریہ ادا کیا۔

ٹیک کیمپ امریکی محکمہ خارجہ کے بیورو آف انٹرنیشنل انفارمیشن پروگرامز کے تحت منعقد کیے جانے والے پبلک ڈپلومیسی پروگرام ہیں۔ یہ عملی تربیت اور شرکا کی فعال شمولیت کی ورکشاپ ہوتی ہیں جن میں نجی شعبے کے ٹیکنالوجی ماہرین اور عام شہریوں کا رابطہ ہوتا ہے۔ امریکی محکمہ خارجہ نے 2010ء سے اب تک دنیا بھر میں 60 سے زائد ٹیک کیمپ منعقد کیے ہیں جن میں 110 ممالک کے 32 ہزار سے زائد شرکا کو تربیت فراہم کی گئی۔


About the Author:

مزید خبریں
تازہ ترین خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.