ٹیکنالوجی اور اسٹارٹ اپ کی سب سے بڑی کانفرنس اور نمائش Momentum '18 کا آغاز ہوگیا

image
کراچی(19فروری،2018): ملک کی اقتصادی ترقی کو بہتر بنانے اورنوجوانوں کے لیے ایک نیا پلیٹ فارم تیار کرنے کی مسلسل کوششوں کے تسلسل میں Momentum 19اور20 فروری 2018کو ایکسپو سینٹر،کراچی، میں دو روزہ گرینڈ کانفرنس منعقد کررہا ہے جس میں ٹیکنالوجی انٹریپرینیورز شرکت کررہے ہیں۔اس تقریب کا افتتاح گورنر سندھ ، محمد زبیر نے کیا گیا۔

معیشت کی ترقی میں اسٹارٹ اپس کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے گورنر سندھ ، محمد زبیرنے کہا’’میں اس اقدام کے ذریعے پاکستان کے نوجوانوں کو خودمختار بنانے پر Momentum کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ مارکیٹس میں ملازمت کے مواقع قدرے کم ہونے کے باوجود ہماری جامعات ہر سال لاکھوں کی تعداد میں گریجوئیٹس تیار کررہی ہیں جنہیں Start-ups کے ذریعے بڑھایا جاسکتا ہے۔اس کانفرنس میں عالمی ٹیکنالوجی کے سرمایہ کاروں کی موجودگی شرکاء کے لیے معنی خیز ثابت ہوگی۔ حکومت پاکستان بھر میں مزید انکیوبیشن سینٹرز قائم کرکے Start-upsکو معاونت فراہم کرنا چاہتی ہے تاکہ امن اور بہتر مستقبل کو فروغ دیا جاسکے۔‘‘

اس سال Momentum 18میں پاکستان بھر سے 300سے زائد اسٹارٹ اپ حصہ لے رہیں جو اپنے آئیڈیازاور اسٹریٹجیز پیش کریں گے۔ اس دو روزہ کانفرنس میں تقریباً 50 پیشہ ور اور انٹریپرینیورز کامیاب اسٹارٹ اپس اور ایک انٹریپرینور کے طور پر بقا کے موضوع پرورکشاپس اور سیمینارز منعقد کریں گے۔

ٹیکنالوجی کی دنیا کے ماہرین مختلف موضوعات پرپینل ڈسکشن میں حصہ لیں گے جو شرکاء کوملک میں موجودہ انڈسٹری کے رجحانات ، اس شعبے میں مستقبل میں پیش آنے والے چیلنجز اور مسائل کے حل پر روشنی ڈالیں گے جن کے چند موضوعات میں پاکستان میں سرمایہ کاری کیوں نہیں کی جاتی؟ کس طرح ایک عظیم خاتون اپنی قیادت کے ذریعے تبدیلی لاسکتی ہے؟ ایڈ ٹیکنالوجی چیلنجز اور مواقع شامل ہیں۔

مزید برآں، میٹ اینڈ گیٹ سیشن کے دوران شرکت کرنے والے اسٹارٹ اپس کوتقریباً 25 سرمایہ کاروں اور20 انکیوبیٹرز کے نمائندوں کو اپنے پروپوزلز پیش کرنے کا خصوصی موقع ملے گا۔

Momentum کے بانی رکن، آصف جعفری نے کہا،’’پاکستان کی آئی ٹی انڈسٹری مختلف شعبوں میں بہت تیزی سے ترقی کر رہی ہے اگرچہ رسک مینجمنٹ کا فیکٹر ایک اہم کردار ادا کرتا ہے کیونکہ کسی بھی نئے کاروبار یا اسٹارٹ اپ کو ایک قابل عمل پلان کی ضرورت ہوتی ہے۔ لوگوں کے پاس جدید خیالات ہوتے ہیں لیکن عمل درآمد کی حکمت عملی میں کمزور ہوتے ہیں جس کے نتیجے میں وہ اپنے خوابوں کو پورا کرنے میں ناکام ہو جاتے ہیں ۔ہماری آباد ی کا 60فیصد سے زائد حصہ 30سال سے کم عمرافرادپر مشتمل ہے، لہٰذا ملازمتوں کے مواقع پیدا کرنے کیلئے اسٹارٹ اپس وقت کی اہم ضرورت ہیں۔ہم اس پلیٹ فارم کے ذریعہ تجربہ کار افراد کو پاکستان کے ناتجربہ کار اور کمزور نوجوانوں کی مدد فراہم کرنے کا موقع مہیا کر رہے ہیں ۔ Momentum ذہنوں کی تبدیلی کے نظرئیے کے تحت اس خلاء کو پر کرنے پر توجہ دے رہا ہے۔ ‘‘

انہوں نے مزید کہا،’’حکومت پاکستان تقریباً تین سال کیلئے ٹیکس سے مستثنیٰ قرار دے کر اسٹارٹ اپس کے فروغ میں اپنا کردار ادا کررہی ہے۔حکومت نے لاہور، اسلام آباد اور پشاور میں انکیوبیشن سینٹر قائم کئے ہیں اور بہت جلد کراچی میں بھی کام شروع کردے گا۔

Momentum ایک عالمی اسٹارٹ اپ کمیونٹی ہے جس کا خاص مقصد پورے پاکستان میں ایسے انٹریپرینیورز کو تعلیم دینا، متاثر کرنا اور ان کے درمیان رابطہ قائم کرنا ہے جو جدید خیالات رکھتے ہیں اور تہلکہ مچادینے والی ٹیکنالوجیز پر کام کرتے ہوئے پاکستان کی اقتصادی ترقی کے لیے مختلف معلومات پر مبنی پلیٹ فارم تیار کریں۔

Momentum کے بانی اور چیف ایگزیکٹو آفیسر، سید عامر جعفری نے کہا،’’پہلی Momenutm کانفرنس کا ریسپانس نہایت حوصلہ افزا تھا۔ ٹیک برادری اور اسٹارٹ اپس ،دونوں کی جانب سے ہماری کوششوں کو سراہا گیا ہے۔اس خیال کے برعکس کہ صرف کراچی جیسے بڑے شہروں سے اسٹارٹ اپس آتے ہیں ،اس کانفرنس میں 19چھوٹے شہروں سے بھی متعدد شرکاء حصہ لے رہے ہیں۔ہم ٹیکنالوجی کی دنیا سے تعلق رکھنے والی انتہائی قابل ذکرشخصیات کی میزبانی کررہے ہیں جن میں گوگل، آئی بی ایم، ایمزون، فیس بک اور مائیکروسافٹ کے نمائندے شامل ہیں ۔ ٹیکنالوجی کے ان بڑے اداروں کے بعض نمائندے پہلی مرتبہ پاکستان کا دورہ کررہے ہیں ۔ ہمیں امید ہے کہ ان کی موجودگی ہمارے نوجوانوں کی معلومات اور اعتماد میں اضافہ کرے گی تاکہ وہ جوش و خروش کے ساتھ محنت کرتے رہیں۔‘‘

کانفرنس کے دوران سب سے جدید اور مخصوص خیال پیش کرنے والے اسٹارٹ اپ کو ایک غیرملکی اسکالر شپ سے نوازا جائے گا جبکہ بین الاقوامی مارکیٹ سے تعلق رکھنے والے بین الاقوامی سرمایہ کاروں سے ملنے کا موقع بھی فراہم کیا جائے گا۔


About the Author:

مزید خبریں
تازہ ترین خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.