کشمیر پاکستان کے لئے زندگی اور موت کا مسئلہ ہے

image
وزیراطلاعات سندھ سید ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ کشمیر پاکستان کے لئے زندگی اور موت کا مسئلہ ہے کشمیریوں کے ساتھ ہمارا خونی رشتہ ہے ہم ان کو تنہا نہیں چھوڑیں گے۔ پاکستان میں آنے والے تمام دریاکشمیر سے نکلتے ہیں قائداعظم محمد علی جناح نے کشمیر کو پاکستان کی شہ رگ قرار دیا تھا جبکہ شہید ذوالفقار علی بھٹو نے ایک ہزار سال تک کشمیر کے لئے جنگ لڑنے کا اعلان کیا۔

محترمہ بے نظیر بھٹو شہیدنے 5فروری کو چھٹی کا اعلان کیا جو ہر سال قومی سطح پر ہورہی ہے۔ہمیں کشمیریوں کی آزادی کی تحریک میں ان کے ساتھ کھڑے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کی رات آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کے زیر اہتمام یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سیمینار سے آل پارٹیز حریت کانفرنس کے مرکزی ترجمان عبدالمجید ملک، آرٹس کونسل کے صدر محمد احمد شاہ، کرنل(ر)مختار بٹ، کشمیری رہنما سردار نزاکت اور دیگر نے خطاب کیا۔ صوبائی وزیر اطلاعات نے کہا کہ کشمیری جو اپنی آزادی کی جنگ لڑرہے ہیں پاکستان کا بچہ بچہ ان کے ساتھ ہے۔ اقوامِ متحدہ اپنی قراردادوں کے مطابق کشمیر میں رائے شماری کا اعلان کروائے تاکہ کشمیریوں کے مسائل کا خاتمہ ہوسکے اور خطے میں امن قائم ہو۔ انہوں نے کہا کہ سات دہائیوں سے پہلے کشمیریوں سے جو وعدہ کیاگیا تھا وہ تاحال پورا نہیں ہوا جب تک بھارتی قیادت اپنا وعدہ پورا نہیں کرتی خطہ عدم استحکام کا شکار رہے گا لہذا بھارتی قیادت کو سنجیدگی کا مظاہرہ کرنا چاہیے۔ صدر آرٹس کونسل محمد احمد شاہ نے کہاکہ آرٹس کونسل کشمیری عوام کے ساتھ ہے ہم کشمیریوں کی حق خودارادیت کی مکمل حمایت کا اعلان کرتے ہیں کشمیری عوام کو اپنے بھرپور تعاون کا یقین دلاتے ہیں جس طرح جمو ں و کشمیر میں کشمیری جدوجہد آزادی کی جنگ لڑرہے ہیں وہ اپنی مثال آپ ہے۔ انہوں نے کہاکہ دْنیا کی سب سے بڑی جمہوریت کشمیری عوام کو اپنی مرضی سے جینے کا حق نہیں دے رہی۔اس موقع پر سری نگر سے آئے ہوئے آل پارٹیز حریت کانفرنس کے مرکزی ترجمان عبدالمجید ملک نے کہاکہ پاکستان دْنیا کے ہر فورم پر کشمیر کی جنگ لڑرہا ہے مجھے جو محبتیں پاکستانیوں کی جانب سے ملی ہیں میں سری نگر جاکر ان کو ضرور بیان کروں گا۔ کشمیری پاکستان کی طرف دیکھ رہے ہیں اور پاکستانیوں کو 5فروری کے دن کی طرح پورا سال بھی کشمیر کے لئے آواز اٹھانی چاہئے۔ کشمیر میں چھ لاکھ سے زائد افراد شہید ہوچکے ہیں اور لاکھوں خواتین بیوہ ہوچکی ہیں مگر ان ناانصافیوں اور مظالم کے باوجود کشمیریوں کے حوصلے پست نہیں ہوئے وہ اپنی آزادی کی جنگ لڑرہے ہیں انہوں نے کہا کہ جب تک دنیا ہمارے ساتھ کیا ہوا وعدہ پورا نہیں کرتی ہم اس تحریک کو جاری رکھیں گے۔ دریا جہلم کا پانی تو تھم سکتا ہے کشمیر کی تحریک آزادی میں زور کم نہیں ہو سکتا۔ سردار نزاکت خان نے کہا کہ ہندوستان کے ساتھ جنگ ہم خود لڑ لیں گے پاکستان اور پاکستانی عوام کے اخلاقی اور سیاسی حمایت چاہیے امین میمن، کرنل (ر) مختار بٹ، صبا شیخ، اور ابصار احمد نے خطاب کیا۔ جبکہ طلبہ و طالبات میں تقرری مقابلے کا بھی انعقاد کیاگیا۔
 


About the Author:

مزید خبریں
تازہ ترین خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.