لیثررلیگس (کے وائی آئی)‘ محمد حکیم کے 4گولز کی بدولت ہزارہ یونائیٹڈ کو ڈسٹرکٹ سینٹرل کا چمپئن قرار

image
26پوائنٹس کے ساتھ جملہ شریک ڈسٹرکٹس کی ٹیموں پر سبقت‘ ملیر کی عمر اسٹار 25پوائنٹس کے ساتھ دوسری پوزیشن پر فائز ڈسٹرکٹ ایسٹ کے فائنل میں گذری اسٹار نے الغازی کو ہرا کر چمپئن بن گئی‘ ڈسٹرکٹ ساؤتھ سے حاجی صمد ایف سی کو چمپئن نامزد کیا گیا

کراچی (اسپورٹس رپورٹر) لیثرر لیگس (کے وائی آئی) کے 7ویں اور فائنل راؤنڈ میں ڈسٹرکٹ سینٹرل کی ہزارہ یونائیٹڈ نے فائنل میں بلوچ اسٹار کو4-0سے شکست دے کر ڈسٹرکٹ چمپئن ہونے کا اعزاز حاصل کیا۔ فائنل میں تمام گول محمد حکیم نے اسکور کئے جو قبل ازیں محمد حکیم نے فیڈل یونائیٹڈ کیخلاف ڈبل ہیٹرک اسکور کی تھی۔ محمد حکیم 17گولز کے ساتھ ایونٹ کے ٹاپ اسکورر بھی قرار پائے۔ہزارہ یونائیٹڈ کو یہ منفرد مقام بھی حاسل ہوا جس نے اپنے 7میچوں میں ناقابل شکست رہتے ہوئے 26پوائنٹس کے ساتھ دیگر ڈسٹرکٹ کی ٹیموں پر نمایاں سبقت حاصل کی۔ ملیر کی عمر اسٹار ان کی قریب ترین حریف تھی جس نے اپنے 7میچوں میں 25پوائنٹس کے ساتھ دوسری پوزیشن حاصل کی۔ انہیں اپنے ایک میچ میں شکست کا سامنا بھی کرنا پڑا۔سکسٹین اسٹار گراؤنڈ پر گروپ ’اے‘ میں گروپ چمپئن کیلئے سخت مقابلہ تھا سکسٹین اسٹار اور بلوچ اسٹار پوائنٹس ٹیبل پر برابر تھیں ۔ تاہم 7ویں اورفائنل راؤنڈ میں سکسٹین اسٹار کو خلاف توقع قادری اسپورٹس کیخلاف ایک میچ میں 1-0سے شکست اوردوسرا میچ 1-1سے برابر ہوگیا جبکہ بلوچ اسٹار نے شاہ فیصل کیخلاف اپنے دونوں میچز برابر کھیل کر 20پوائنٹس کے ساتھ ایک پوائنٹ کی برتری سے فائنل کیلئے کوالیفائی کیا۔ انصار یونین گراؤنڈ پر گروپ ’اے‘ میں بھی دلچسپ صورتحال تھی۔ الغازی اور ساجدی محمڈن کے 16,16پوائنٹس تھے تاہم گول اوسط پر الغازی کو برتری حاصل تھی۔ ساتویں راؤند میں الغازی نے مدھو محمڈن اور ساجدی محمڈن نے گلشن اتحاد کے کیخلاف اپنے دونوں میچز 0-0کے یکساں اسکور سے برابر کھیلا۔ اور الغازی کو بہتر گول اوسط پر فائنل کا ٹکٹ مل گیا۔ جہاں گروپ ’بی‘ کی چمپئن گذری اسٹار سے ان کا سامنا ہوا۔ گذری اسٹار کو اسامہ اسپورٹس پر اپنے گروپ میں ایک پوائنٹس کی برتری حاصل تھی لیکن ساتویں راؤند میں گذری اسٹار نے نیشنل فائٹر کیخلاف دونوں میچ جیت کر اپنے پوائنٹس کی تعداد کو 20تک پہنچا دیا جبکہ اسامہ اسپورٹس نے کالونی اسپورٹس کیخلاف دونوں میچ 0-0کے یکساں اسکور سے برابر کھیل کر 17پوائنٹس پر محدود ہوگئی ۔ فائنل میں گذری اسٹار اور الغازی کے مابین مقابلہ مقررہ وقت میں 0-0سے برابر تھا تاہم ٹائی بریکر پر گذری اسٹار 3-2کی فیصلہ کن برتری کے ساتھ ڈسٹرکٹ ایسٹ کی چمپئن قرار پائی۔گبول پارک لیاری پرگروپ ’‘اے‘ القادر اسکول نے قادر اسکول کیخلاف 4-0سے کامیابی طلحہ نے ہیٹرک اسکور کی۔انزلہ نے القادر اسکول کیلئے دوسرے میچ میں 5-1کی کامیابی میں 4گل داغے۔حاجی عبدالصمد ایف سی کو حیدری بلوچ کیخلاف پہلے میچ میں عاقب کے دو گولز کی بدولت 2-0سے فتح ملی جبکہ دوسرے میچ میں 0-1سے ناکامی کا سامنا کرنا پڑا۔گروپ ’بی‘ میں پاک زمیندار کے عظمت نے شہید راجہ ایف سی کیخلاف دونوں میچوں میں ہیٹ ٹرک اسکور کرکے اپنی ٹیم کو فتح سے ہمکنار کیا۔ میچ سپروائزر نثار اسرار نے دونوں گروپ میں 21پوائنٹس کے ساتھ نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والی حاجی عبدالصمد ایف سی کو ڈسٹرکٹ ساؤتھ کی چمپئن نامزد کیا۔دوسری پوزیشن پاک زمیندار کی رہی جس نے 20پوائنٹس بنائے۔ محمدی اسپورٹس میمن گوٹھ ملیر پر عمر اسٹار گروپ ـاے‘ میں 25پوائنٹس کے ہمراہ پہلی پوزیشن پر اپنا قبضہ برقرار رکھا جبکہ ملیر ریڈ کی 18پوائنٹس اور اسلم الیون کی 17پوائنٹس کے ساتھ بالترتیب دوسری اور تیسری پوزیشن ہے۔گروپ ’بی‘ میں شہزاد محمڈن نے الشہزاد سے پہلی پوزیشن چھین لی جب انہوں نے ملیر ینگ بوائز کیخلاف اپنے دونوں میچ 3-0اور1-0سے جیت لیئے جبکہ الشہزاد کو پہلے میچ میں بلوچ مجاہد کو 1-0سے کامیابی ملی لیکن دوسرا میچ 0-0سے ڈرا ہوگیا۔دونوں ٹیمیں 20,20پوائنٹس کے ساتھ ہم پلہ ہوگئیں تاہم بہتر گول اوسط پر شہزاد محمڈن کو حتمی پہلی پوزیشن حاصل ہوئی۔ڈسٹرکٹ ملیر کی بہترین ٹیم کا فیصلہ آفیشلز ڈسٹرکٹ ملیر باہمی مشاورت سے کریں گے۔ خیبر مسلم بلدیہ پر چھٹے راؤنڈ میں خیبر مسلم نے اپنی پہلی پوزیشن کو برقرار رکھا اور ماریپور آزاد کیخلاف اپنے دونوں میچز 1-0کے یکساں اسکور سے جیت کر اپنے پوائنٹس کی تعداد 19کرلی۔ دوسری پوزیشن پر براجمان کیماڑی محمڈن نے پہلے میچ میں مکران اسپورٹس کو 2-0سے ناکام کیا جبکہ دوسرا میچ 1-1کی برابری پر ختم ہوا۔ کیماڑی محمڈن کی 16پوائنٹس کے ساتھ دوسری پوزیشن برقرار ہے۔گروپ ’بی‘ سے بلوچ یوتھ کی پہلی پوزیشن بدستور برقرار ہے انہوں نے پہلے میچ میں ماریپور بلوچ کو 1-0کی شکست کا داغ لگایا جبکہ دوسرا میچ 0-0سے برابر ہوگیا۔ دوسری پوزیشن پر میٹروول اسٹار بھی اپنی پوزیشن برقرار رکھنے میں کامیاب رہی۔انہوں نے شان اسپورٹس کیخلاف دونوں میچز 1-1اور0-0سے برابر کھیلے۔اس گراؤنڈ پر ساتواں اور آخری راؤنڈ ابھی کھیلا جانا باقی ہے۔جس کے بعد یہاں سے ڈسٹرکٹ ویسٹ چمپئن ٹیم کا نام سامنے آئے گا۔ جملہ ڈسٹرکٹ چمپئن ٹیموں کے مابین کراچی چمپئن کیلئے ناک آؤٹ کی بنیاد پر میچز کھیلے جائیں گے۔ ایونٹ میں کراچی کی جملہ ڈسٹرکٹ کی 20,20ٹیموں نے حصہ لیا ۔ اور ان ٹیموں میں شریک ایک ہزار کھلاڑیوں کو مکمل کٹ اور شوز فری فراہم کئے گئے۔ جبکہ انہیں وہ تمام سہولیتیں مہیا کی گئیں جو انہیں قبل ازیں حاصل نہ ہوسکی تھیں۔ ٹرنک والا فیملی کے فروغ فٹبال کے اقدامات کو کراچی کے جملہ ڈسٹرکٹ کے زمہ داران اور فٹبال سے محبت رکھنے اور اس کے فروغ کیلئے کوشاں افراد نے واشگاف الفاظ میں سراہتے ہوئے اسے فٹبال کی ترقی میں سنگ میل سے تعبیر کیا ہے۔ اور اس توقع کا اظہار کیا ہے کہ آئندہ بھی ٹرنک والا فیملی لیثرر لیگس کی وساطت سے فٹبال کھیل کی ترقی کیلئے کوئی کسر نہ اٹھا رکھے گی۔


About the Author:

مزید خبریں
تازہ ترین خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.