ورلڈ کپ معرکہ، وزیراعظم سے قومی ٹیم کی ملاقات، ٹپس دیں

20 Apr, 2019 نوائے وقت

لاہور(سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس) انگلینڈ میں منعقد ہونے والے ورلڈ کپ معرکہ کے لیے اعلان کردہ پاکستان ٹیم کے کھلاڑیوں اور آفیشلز نے گذشتہ روز وزیراعظم پاکستان عمران خان سے وزیراعظم ہاوس میں ملاقات کی، چیئر مین پی سی بی احسان مانی، ہیڈ کوچ مکی آرتھر اور چیف سلیکٹر انضمام الحق بھی موجود تھے۔ وزیراعظم عمران خان نے فردا ً فرداً تمام کھلاڑیوں سے مصافحہ کیا حوصلہ افزائی بھی کی، انہوں نے کھلاڑیوں کوورلڈ کپ میں محنت، لگن اورجذبے سے کھیلنے کی ہدایت بھی کی۔ وزیراعظم عمران خان نے 1992 ء کے ورلڈ کپ کے اپنے تجربات سے ٹیم کو آگاہ کیا،انہوں نے کپتان سرفراز احمد کو فرنٹ سے لیڈ کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہاکہ تم ٹیم لیڈر ہو اگرتم دلیری سے کھیلوگے تو تمہاری ٹیم بھی دلیر ہوگی،1992ء میں ہماری ٹیم بہت کمزورتھی لیکن جذبے نے ہمیں جیت سے ہمکنار کرایا، وزیراعظم نے فاسٹ باولرحسن علی، جنید خان، فہیم اشرف کو انگلینڈکنڈیشن کے مطابق باولنگ ٹپس دیں۔ انہوں نے ملاقات کرنے والے کھلاڑیوں اور پی سی بی حکام سے کہا آپ قوم کے سفیر ہیں اور پوری قوم کی نظریں اور توقعات آپ سے وابستہ ہیں، اپنی صلاحیتوں ، سپورٹس مین سپرٹ اور اپنے طرز عمل سے پاکستان کا نام روشن کریں۔


WATCH LIVE NEWS

Samaa News TV PTV News Live Express News Live 92 NEWS HD LIVE Pakistan TV Channels
 
« مزید خبریں