میاں صاحب کے چہرے کو دیکھ کر نہیں لگتا کہ وہ چوتھی مرتبہ وزیراعظم بن رہے ہیں: بلاول بھٹو

image

پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف کے چہرے کو دیکھ کر نہیں لگتا کہ وہ چوتھی مرتبہ وزیراعظم بنیں گے۔

پیر کو اے آر وائی کے پروگرام ’آف دی ریکارڈ‘ میں بلاول بھٹو سے سوال کیا گیا کہ کیا نواز شریف ’سلیکٹڈ‘ ہیں تو انہوں نے کہا کہ ’مجھے پتا ہے کہ میاں صاحب کو یہ اندازہ ہے کہ وہ چوتھی مرتبہ وزیراعظم بنیں گے۔‘

ان سے دوبارہ پوچھا گیا کہ ’کیا میاں صاحب کو اندازہ ہے یا یقین ہے تو بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ ’اگر یقین ہوتا تو الیکشن مہم تو چلاتے، مسکرا تو دیتے، ان کا چہرہ تو ہر وقت ایسے اترا ہوا ہے جسے دیکھ کر مجھے تو نہیں لگتا کہ یہ وہ آدمی ہے جو سمجھتا ہے کہ وہ چوتھی مرتبہ وزیراعظم بن رہا ہے۔‘

12  اکتوبر 1999 کو نواز حکومت کا تختہ الٹنے پر بات کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ ’آپ سو مرتبہ آرمی چیف کو بدلتے لیکن اس کا جہاز انڈیا بھیجنے کا تو نہ کہتے، پھر ادارے کی طرف سے ردعمل تو آنا تھا۔‘

بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ ’میں بہت حیران ہوں کہ ن لیگ نے ابھی تک اپنی الیکشن مہم شروع نہیں کی، لیکن الیکٹورل پراسیس کی جو حثیت ہے اسے بہت نقصان ہوا ہے۔ ن لیگ نے تاثر دیا یہ سب کچھ ان کے لیے کروایا جا رہا ہے، ان کا بہت اچھا جلسہ ہوا۔ اس جلسے کو ہوئے تین مہینے ہو چکے ہیں لیکن ن لیگ عوام کے پاس نہیں جا رہی۔‘

’وہ جلسے میں جائیں اور پاکستان اور دنیا کو دکھائیں کہ وہ مقبول ہیں۔ جو خود کو چوتھی مرتبہ کا وزیراعظم کہہ رہے ہیں وہ اپنے گھر سے نہیں نکل رہے۔ کچھ لوگ سوال کر رہے ہیں کہ انہیں پتا چل گیا ہے کہ الیکشن نہیں ہوں گے یا کچھ کہیں گے کہ ان کو پتا چل گیا ہے کہ یہ (وزیراعظم) بن گئے ہیں اور الیکشن مہم کی کیا ضرورت ہے، لیکن یہ سب الیکشن کی ساکھ کو متاثر کرے گا۔‘

سپریم کورٹ کی طرف سے تاحیات نااہلی ختم کرنے کے فیصلے پر بلاول بھٹو نے کہا کہ ’میاں صاحب اہل ہیں یا نہیں یہ تو وکلا بتائیں گے، لیکن پاکستان کی جمہوریت اور سیاست کے لیے یہ اچھا فیصلہ ہے۔‘


News Source   News Source Text

مزید خبریں
پاکستان کی خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.