الیکشن کمیشن کا ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر چیئرمین تحصیل کونسل گمبٹ کو 50 ہزار روپے جرمانہ

image

اسلام آباد۔25جنوری (اے پی پی):الیکشن کمیشن نے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر چیئرمین تحصیل کونسل گمبٹ کو 50 ہزار روپے جرمانہ کر دیا، ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر چاروں صوبوں میں اب تک مختلف امیدواروں اور دیگر کو 64 نوٹس جاری کئے گئے ہیں، اب تک 18 امیدواروں اور بلدیاتی نمائندوں کو جرمانے کئے جا چکے ہیں۔ جمعرات کو الیکشن کمیشن سے جاری بیان میں ترجمان نے کہا کہ الیکشن کمیشن کی ہدایات کی روشنی میں ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزیوں کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں۔

ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر کوہاٹ نے دو بار نوٹس جاری ہونے کے باوجود عدم حاضری کی بنا ء پر کارروائی کرتے ہوئے چیئرمین تحصیل کونسل گمبٹ ساجد اقبال کو 50 ہزار روپے جرمانہ کردیا۔ترجمان کے مطابق ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر کوہاٹ کو سوشل میڈیا کے ذریعے معلوم ہوا کہ تحصیل چیئرمین ساجد اقبال این اے 35 کوہاٹ سے امیدوار شہریار خان آفریدی ، پی کے 90 اور پی کے 92 کے امیدواروں کے لئے انتخابی مہم چلا رہا ہے اور ورکرز کنونشن میں بھی شرکت کی جو ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کے زمرے میں آتا ہے جس پر 17 اور 18 جنوری کو انہیں طلبی کے نوٹس جاری کئے گئے لیکن اس کے با وجود وہ ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر کے دفتر میں پیش نہیں ہوئے۔

ترجمان کے مطابق ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر لوئر چترال نے کار روائی کی۔ پی کے 2 لوئر چترال کے آزاد امیدوار فتح الملک علی ناصر کو 50 ہزار روپے جرمانہ کیا۔امیدوار نے جرمانہ سرکاری خزانہ میں جمع کرکے چالان پیش کردیا۔امیدوار ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر لوئر چترال کے دفتر میں پیش ہوکر وضاحت پیش کی جسے غیر تسلی بخش قرار دیا گیا۔

اس کے علاوہ پنجاب میں ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر فیصل آباد نے ضابطہ اخلاق کی شق 26 کی خلاف ورزی پر امیدوار برائے پی پی 107 سلطان علی خان کو 5 ہزار روپے جرمانہ کیا۔چاروں صوبوں اور اسلام آباد میں ممنوعہ تشہیری ہورڈنگز اور مواد بھی ہٹایا جارہا ہے ۔چاروں صوبوں میں اب تک مختلف خلاف ورزیوں پر امیدواران ودیگر کو 64 نوٹس جاری کئے گئے ہیں اور ان پر کارروائی جاری ہے،اب تک مجموعی طور پر 18 امیدواران اور لوکل گورنمنٹ کے چیئرمین و ڈسٹرکٹ چیئرمین کو جرمانے ہو چکے ہیں۔


News Source   News Source Text

مزید خبریں
پاکستان کی خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.