سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان سے ترکیہ کے سفیر ڈاکٹر مہمت پاچاجی کی وفد کے ہمراہ ملاقات

image

لاہور۔25مارچ (اے پی پی):سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان سے ترکیہ کے سفیر ڈاکٹر مہمت پاچاجی نے وفد کے ہمراہ اسمبلی چیمبر میں ملاقات کی۔ وفد میں کونسل جنرل درمش پاش طو، نور الدین ٹریڈ قونصلر، غضنفر محمود ڈائریکٹر ٹو ایمبیسیڈر موجود تھے۔ملاقات میں باہمی دلچسپی، ملکی صورتحال اور پارلیمنٹ کی بالادستی سمیت دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔سپیکر ملک محمد احمد خان نے کہا کہ پارلیمانی وفود کے تبادلوں سے پاکستان اور ترکیہ کے مابین دہائیوں سے قائم دوستی اور محبت کے رشتے مزید مضبوط ہونگے۔ پارلیمانی وفود کے تبادلے، معاشی تعاون اور عوامی سطح پر رابطوں سے دونوں ممالک کے مابین تعلقات کو مزید مستحکم کیا جا سکتا ہے۔

ملاقات میں تجارت، سرمایہ کاری، تعلیم اور ثقافت سمیت مختلف شعبوں میں مل کر کام کرنے پر اتفاق کیا گیا۔ سپیکر ملک محمد احمد خان نے کہا کہ ترکیہ اور پاکستان کو مختلف شعبوں میں ترقی کے لئے باہمی تعاون کرنا چاہیے۔پاکستان اور ترکیہ مشترکہ مذہبی اور ثقافتی روایات کے تاریخی رشتوں میں بندھے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ترکیہ کے کاروباری حضرات کیلئے پاکستان میں سرمایہ کاری کے بہترین مواقع موجود ہیں۔ دونوں ممالک ہر مشکل گھڑی میں ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے رہے ہیں۔سپیکر پنجاب اسمبلی نے ترکیہ میں المناک زلزلے کے بعد ترکیہ کی تعمیر نو کی کوششوں کو سراہا۔

ڈاکٹر مہمت پاچاجی نے ملک محمد احمد خان کو سپیکر پنجاب اسمبلی منتخب ہونے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے تمام شعبہ ہائے زندگی میں ہونے والی ترقی اور اصلاحات کوترکیہ انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ سپیکر ملک محمد احمد خان نے ڈاکٹر مہمت پاچاجی کو اسمبلی بلڈنگ کی تصویر اور تحائف پیش کیے۔ بعد ازاں سپیکر ملک محمد احمد خان نے پنجاب اسمبلی میں السٹونیا کا درخت لگا کر شجر کاری مہم میں حصہ لیا۔

سپیکر ملک محمد احمد خان نے ملک کی ترقی و خوشحالی اور پورے ملک میں جاری شجرکاری مہم کی کامیابی کے لئے دعا کی۔ اس موقع پر سپیکر ملک محمد احمد خان نے کہا کہ ہر فرد کو ایک درخت لگانا چاہئے جو سنت رسول اللہ صلی اللہ وسلم ہے اور ماحولیات کے تحفظ کے لئے ایک مثبت قدم ہے۔


News Source   News Source Text

مزید خبریں
پاکستان کی خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.