وزیر اعلی مریم نواز شریف131 سال میں مریم آباد چرچ آنے والی پہلی وزیر اعلی پنجاب بن گئیں، ایسٹر پر مسیحی برادری کی خوشیوں میں شریک ہوئیں

image

لاہور۔31مارچ (اے پی پی):وزیر اعلی مریم نواز شریف131 سال میں مریم آباد چرچ آنے والی پہلی وزیر اعلی پنجاب بن گئیں ،وزیراعلی ایسٹر پر مسیحی برادری کی خوشیوں میں شریک ہوئیں اور پنجاب کی تاریخ میں پہلی مرتبہ ایسٹر گرانٹ کا اجرا کیا،مریم نواز شریف شیخو پورہ کے نواح میں مسیحی برادری کی بستی کے گھروں میں خود جاکر مسیحی گھرانوں کو ایسٹر گرانٹ کے چیک پیش کئے،”ہیپی ایسٹر ڈے”،وزیراعلی مریم نوازشریف نے مسیحی برادری کو مبارکباد دی،مسیحی خاندان نے وزیر اعلی کا پرجوش استقبال کیا، مریم نواز نے مسیحی خواتین کو گلے لگا کر مبارکباد دی ،خواتین سے گھل مل گئیں اور سوال کیا کہ ”آپ نے ایسٹر پر کیا پکا یا، کپڑے کیسے بنائے”،وزیر اعلی نے بزرگ خاتون کی عینک پر اٹکی پھول کی پتی اپنے ہاتھ سے نکالی،

مسیحی خواتین نے مریم نواز کو بہت دعائیں دیں اور آمد پر شکریہ ادا کیا،وزیر اعلی نے مسیحی گھرانے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایسٹر پر مسیحی برادری کی خوشیوں میں شریک ہیں، مریم نواز شریف نے مسیحی رہنمائوں کے ساتھ ملکرایسٹر کا کیک بھی کاٹا،بعد ازاں وزیر اعلی قومی زیارت مقدسہ مریم چرچ، مریم آباد بھی گئیں،مریم نواز شریف نے مسیحی خاندانوں میں ایسٹر گرانٹ تقسیم کی،پنجاب بھر میں10 ہزار مسیحی خاندانوں کو 5ہزار فی کس عیدی دی گئی،وزیراعلی نے ایسٹرکی دعائیہ تقریب میں شرکت کی، مریم آباد چرچ کے فادر طارق جارج نے بائبل پڑھ کر سنائی،

وزیر اعلی مریم نواز اور دیگر مہمان قومی ترانے کے احترام میں کھڑے ہوگئے۔وزیراعلی نے ایسٹر کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ میرا خواب ایسا پاکستان ہے جہاں اکثریت اور اقلیت مل جل کر رہیں، ایسا پاکستان ہو جہاں ہر ایک کو اپنی عبادت کرنے کی آزادی اور پورا تحفظ ملے،ایسا پاکستان ہو جہاں مذہب اور عقیدے کی بنیاد پر کوئی کسی کو نقصان نہ پہنچا سکے ،اقلیت کی طرف اٹھنے والے ہر ہاتھ کو آہنی ہاتھ سے روکیں گے ،وزیراعلی مریم نواز نے کہا کہ تمام مسیحی برادری کو قائد محمد نواز شریف کی طرف سے ایسٹر پر مبارکباد کا پیغام دیتی ہوں ،میاں نواز شریف کے ساتھ فیصل آباد میں ہلاک ہونے والے ایم سی ورکرز کے گھر افسوس کے لیے گئی ،

ایم سی ورکرز بھائیوں کی کم عمر بیوی اور کمسن بچوں کو دیکھ کر دکھ ہوا،سینٹری ورکرز کوحفاظتی آلات دینا حکومت کی ذمہ داری تھی ،انہوں نے کہا کہ 11 سال کانوینٹ جیسز اینڈ میری سکول میں تعلیم حاصل کی،میری تربیت میں والدین کے بعد کانوینٹ سکول نے بڑا اہم کردار ادا کیا ،وزیر اعلی بننے پر سکول ہیڈ مسٹریس نے خوشی کا اظہار کیا کہ ہمارے سکول کی طالبہ سی ایم بن گئی ، مریم نواز نے کہا کہ میرے والد نواز شریف اکثرکہتے ہیں کہ سورہ فاتحہ کی پہلی آیت میں اللہ تعالی کے تمام جہانوں کا مالک و خالق ہونے کا ذکر ہے، صرف مسلمانوں کا ہی نہیں ،میاں نواز شریف نے مجھے کہا ہے کہ آپ سب کو انکی طرف سے ایسٹر کی مبارک دوں ،

انہوں نے کہا کہ سکھ برادری کے رمیش سنگھ اروڑا پہلے سکھ وزیر بنے تو مبارک کے لیے دنیا بھر سے پیغامات آئے ،ہم سب پاکستانی اور ایک ہیں ،جب سب قومی ترانے کے ادب میں کھڑے ہوئے تو تب باہمی فرق ختم ہو گیا ،وزیر اعلی نے کہا کہ پاکستان کی ترقی کے لیے میں مسیحی برادری کی خدمات کو سراہتی ہوں ،جسٹس کارنیلیس کانام عدل و انصاف اور سیسل چوہدری کانام پاک فضائیہ میں خدمات کے حوالے سے آج بھی جانا جاتا ہے ،انکا نام رہتی دنیا تک یاد رکھا جائے گا،تہوار تب ہی مکمل ہوتے ہیں جب سب مل کر خوشیاں مناتے ہیں ،انہوں نے کہا کہ تمام مینیارٹی ایم پی ایز کو لے کر ایسٹر کی خوشیوں میں شمولیت کے لیے آئی ہوں ،ایسٹر کی خوشیوں میں شریک ہونے اور آپ کو بتانے آئی ہوں کہ آپ سب میرے اپنے ہیں ،نیب پیشی پر جاتے ہوئے موٹر وے پر مریم آباد کا بورڈ دیکھ کر یہاں آنے کو دل چاہتا،آج اللہ نے بھیج دیا،مریم آباد کے مسیحی گھرانوں میں باوقار استقبال ہمیشہ یاد رہے گا،صاف ستھرے گھر اور چارپائیاں دیکھ کر خوشی ہوئی،

قبل ازیں وزیراعلی مریم نوازنے مریم آباد چر چ کے احاطے میں بوہڑ کا پودا لگایا،لاہور واپس روانہ ہونے لگیں توعوام کے ہجوم خاص طورپر بچوں کو دیکھ کر وزیراعلی سکیورٹی ہٹا کر بچوں سے ہاتھ ملایا اور کھڑے ہوکر سب کے نعروں کا جواب دیا، صوبائی وزیر اقلیتی امور رمیش سنگھ اروڑا، صوبائی وزیر انسانی حقوق خلیل طاہر سندھو، سیکرٹری انسانی حقوق و اقلیتی امور علی بہادر قاضی ،آرچ بشپ سبسٹین فرانسیسز شا اور عمانیویل اطہر نے بھی تقریب سے خطاب کیا،وفاقی وزیر رانا تنویر حسین، پرویز رشید،سینئر منسٹر مریم اورنگزیب،صوبائی وزرا عظمی زاہد بخاری، ارکان اسمبلی، بشپ عرفان جمیل، بشپ الیگزینڈر جان ملک، چرچ آف پاکستان کے بشپ ندیم کامران، نولکھا چرچ کے ڈاکٹر واجید عبیل اور چرچ آف پاکستان کے ایزل مارشل بھی اس موقع پر موجود تھے۔


News Source   News Source Text

مزید خبریں
پاکستان کی خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.