صنم تیری قسم 2: ہرش وردھن کا ماورا کے ساتھ کام کرنے سے انکار، پاکستانی اداکارہ کا ’سستی شہرت‘ کا الزام

صنم تیری قسم کی دوبارہ ریلز پر باکس آفس پر ریکارڈ بزنس کے بعد اس کے سیکوئل کی باتیں ہو رہی تھیں لیکن انڈین اداکار ہرش وردھن نے صنم تیری قسم ٹو میں ماورا حسین کی شمولیت کی صورت میں اس فلم کو کرنے سے انکار کر دیا ہے۔

’صنم تیری قسم‘ فلم کی دوبارہ ریلیز پر باکس آفس میں ریکارڈ بزنس کے بعد اس کے سیکوئل کی باتیں ہو رہی تھیں۔۔۔ اس فلم میں مرکزی کردار ادا کرنے والے فنکاروں انڈین اداکار ہرش وردھن اور پاکستانی اداکارہ ماورا حسین کے لیے بالی وڈ میں ترقی کے نئے مواقع نظر آنے لگے تھے لیکن پاکستان اور انڈیا کے بیچ حالیہ تنازعے سے اڑنے والی دھول ان کے آنے والے منصوبوں پر بھی پڑتی نظر آتی ہے۔

انڈین اداکار ہرش وردھن نے صنم تیری قسم ٹو میں ماورا حسین کی شمولیت کی صورت میں اس فلم کا حصہ بننے سے انکار کر دیا ہے۔

ان کا یہ فیصلہ ماورا کی جانب سے اس سوشل میڈیا پوسٹ کے بعد سامنے آیا جس میں انھوں نے انڈیا کی جانب سے پاکستان اور اس کے زیرِ انتظام کشمیر میں میزائل حملوں کے نتیجے میں عام شہریوں کی ہلاکت کی مذمت کی تھی۔

کئی روز تک ایک دوسرے پر حملوں کے بعد اگرچہ دونوں ملکوں میں چار دن بعد جنگ بندی ہو گئی لیکن میدانِ جنگ کے علاوہ دیگر شعبوں میں ابھی اس کے سائیڈ ایفیکٹس آنا باقی ہیں۔

ہرش وردھن کا ماورا کے ساتھ کام کرنے سے انکار

دراصل پاکستانی اداکارہ ماورا حسین نے اپنی انسٹا گرام سٹوری میں لکھا کہ وہ انڈیا کی جانب سے حملوں اور اس میں معصموم شہریوں کی ہلاکت کی مذمت کرتی ہیں۔

اس پر انڈین اداکار نے ماورا کی پوسٹ کا سکرین شاٹ لگاتے ہوئے 10 مئی کو یہ پوسٹ کیا کہ اگر سیکوئل میں اصل کاسٹ کو برقرار رکھا گیا تو وہ ’صنم تیری قسم 2 ‘ کا حصہ نہیں ہوں گے۔

ہرش وردھن نے انسٹاگرام پر اپنی مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے کہا، ’میں اس تجربے کے لیے شکر گزار ہوں لیکن میں نے اپنے ملک کے بارے میں توہین آمیز تبصرے کی وجہ سے سیکوئل کا حصہ بننے سے احترام کے ساتھ انکار کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔‘

انھوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ ’اپنے ملک کے ساتھ کھڑے ہونا قابل ستائش ہے لیکن دوسرے کی بے عزتی ناقابل قبول ہے۔‘

ماورا کا ہرش وردھن پر ’سستی شہرت‘ حاصل کرنے کا الزام

انڈین اداکار ہرش وردھن کی جانب سے اس اعلان کے بعد ماورا نے بھی ردِ عمل دیتے ہوئے سوشل میڈیا پر پوسٹ کیا کہ یہ بیان سراسر ایک ’پی آر سٹنٹ‘ ہے۔

انھوں نے اپنا انسٹا گرام سٹوری میں لکھا ’مجھے نہیں معلوم کہ اسے بدقسمتی کہوں، افسوسناک یا مضحکہ خیز کہوں۔۔۔ جس شخص سے مجھے کامن سینس کی توقع تھی وہ صرف پی آر حاصل کرنے کے لیے سامنے آیا ہے۔‘

انھوں نے بظاہر اداکار کو مخاطب کر کے کہا ’اپنے ارد گرد دیکھیں، دیکھیں کیا ہو رہا ہے!ہم سب دھماکوں کی آوازیں سن سکتے تھے۔۔۔ میرے ملک میں کیے گئے حملے میں بچے مر گئے۔ بے گناہ جانیں ضائع ہو گئیں۔‘

ماورا نے انتہائی جذباتی جواب میں لکھا ’ایک طرف ہماری قومیں حالتِ جنگ میں ہیں اور ایسے میں آپ توجہ حاصل کرنے کے لیے ایک پی آر بیان دے رہے ہیں۔ کتنے افسوس کی بات ہے!‘

ماورا نے مزید لکھا ’میں نے ہمیشہ ہر اس شخص کے لیے احترام، محبت اور شکر گزاری کا مظاہرہ کیا ہے جس کے ساتھ میں نے کام کیا ہے اور میں ایسا کرتی رہوں گی۔ مجھے کام کے لیے پیشکش کی گئی تھی اور میں نے کیا۔‘

انھوں نے ہرش وردھن سے کہا ’میں آپ کی طرح کبھی بھی نفرت نہیں پھیلاؤں گی۔ اس نازک وقت میں اس طرح کے اعلانات کرنا شرمناک اور عجیب ہے۔ آپ کو (شہرت کے لیے) اتنا بھوکا اور مایوس دیکھنا شرمناک بھی ہے۔‘

ماورا نے انڈیا اور پاکستان کے درمیان جنگ کے ماحول کی حسّیاست کا ذکر کرتے ہوئے کہا’دو جوہری ممالک حالتِ جنگ میں ہیں۔ یہ وقت فلموں پر بات کرنے، ایک دوسرے کا مذاق اڑانے، ایک دوسرے کو نیچا دکھانے کا نہیں ہے۔ اس طرح کی حسّاس صورتحال میں ایسا کرنا صرف آپ کی لاعلمی کو ظاہر کرتا ہے۔‘

ماورا نے یہیں بات ختم نہیں بلکہ انھوں نے ہرش وردھن پر اپنا نام استعمال کر کے سرخیوں میں آنے کی کوشش کرنے کا الزام بھی عائد کیا۔

انھوں نے کہا ’اگر نو سال بعد میرا نام استعمال کرنا آپ کو سرخیوں میں لا رہا ہے تو آپ غلط لوگوں میں گِھرے ہیں۔ آپ جنگ کو اپنے ذاتی فائدے کے لیے استعمال نہیں کرسکتے۔ بہت سی جانیں ضائع ہو گئیں، یہ ایک سنگین صورتحال ہے، آپ نے بلاوجہ اپنا وقار گنوا دیا۔ ‘

ماورا کا کہنا تھا کہ ’میں اس وقت صرف اپنی فوج اور دونوں اطراف کے شہریوں کے لیے دعا کر رہی ہوں اور یہ خیال بھی نہیں آیا کہ میری اگلی فلم کیا ہو گی۔‘

صنم تیری قسم کی کامیابی اور سیکوئل کی گونج

ہرشوردھن اور ماورا نے ایک ساتھ ایک ہی فلم میں کام کیا ہے جو ماورا کی بالی وڈ میں اب تک کی واحد فلم ہے۔یہ ایک رومینٹک ٹریجیڈی لو سٹوری ہے۔

یہ فلم پہلے سنہ 2016 میں ریلیز ہوئی تھی لیکن اس وقت اس فلم کو فلم بینوں میں زیادہ پذیرائی نہیں مل سکی اور یہ باکس آفس پر بری طرح فلاپ ہوئی۔ محض چودہ کروڑ کے چھوٹے بجٹ سے بننے والی یہ فلم سنہ 2016 میں ریلیز کے وقت بمشکل نو کروڑ ہی کما پائی تھی۔

لیکن رواں سال یہ فلم سات فروری کو عین ماورا حسین کی شادی کے دن دوبارہ ریلیز کی گئی اور پہلے ہی دن اس نے پانچ کروڑ کا بزنس کیا، لگاتار کئی دن تک شاندار بزنس کے بعد یہ دوبارہ ریلیز پر ریکارڈ بزنس کرنے والی فلم بن گئی۔

فلم کی ریلیز کے دنوں کو ویلنٹائن ویک سے جوڑا گیا تاکہ لوگ اس لو سٹوری کو انجوائے کر سکیں تاہم ماورا کے مداحوں کا خیال تھا کہ چونکہ ماورا اپنی شادی کی وجہ سے کافی ٹرینڈ کر رہی ہیں اس لیے فلم کی ان تاریخوں میں ریلیز اس کی کامیابی کی وجہ بنی ہے۔

واضح رہے کہ کئی پاکستانی اداکار انڈیا میں جا کر قسمت آزما چکے ہیں۔ تاہم مرکزی کردار میں ماورا کی فلم ’صنم تیری قسم‘ کو دوبارہ ریلیز پر ریکارڈ کامیابی ملی ہے۔

پاکستان اور انڈیا کے درمیان کشیدگی ماضی میں بھی نہ صرف پاکستانی اداکاروں کی انڈیا آمد پر پابندی بلکہ ان کی فلموں کے بائیکاٹ کی وجہ بنی۔ پاکستان اداکار فواد خان کی فلم ’اے دل ہے مشکل‘ بھی کشیدگی کا شکار ہوئی جسے پاکستان میں ریلیز کی اجازت نہیں ملی اور انڈیا میں بھی اس کی بہت مخالفت ہوئی۔

حالیہ دنوں میں انڈیا میں زیادہ تر پاکستانی فنکاروں کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس بلاک کر دیے گئے ہیں جبکہ پاکستانی انٹرٹینمٹ چینلز کو بھی بلاک کر دیا گیا ہے۔

پاکستانی اداکار فواد خان تقریباً نو برس بعد ایک مرتبہ پھر بالی وڈ فلم ’عبیر گلال‘ میں انڈین اداکارہ وانی کپور کے ساتھ نظر آنے والے تھے۔ یہ فلم 9 مئی کو ریلیز ہونا تھی تاہم پہلگام حملوں کے بعد اسے ملتوی کر دیا گیا اور اب اس کی قسمت بھی غیر یقینی ہے۔

دونوں ممالک کے مداح اپنے اپنے اداکاروں کے حق میں

اس خبر پر پاکستانی اور انڈین شائقین کا ردِ عمل یقیناً اس صورتحال میں متوقع ہے۔ انڈین مداح ہرش وردھن کی حمایت کر رہے ہیں تو پاکستانی ماورا کی جانب سے انڈیا کی مذمت کو بہادری کا کام قرار دے کر سراہ رہے ہیں۔

انڈین مداحوں نے ہرش وردھن کے اعلان کو باہمت فیصلہ قرار دیا۔

سومانا وکاس کا کہنا تھا کہ ’انڈسٹری میں کسی میں تو اتنی ہمت ہے کہ وہ اپنے ملککے لیے کھڑا ہوا۔‘

جبکہ خوشبو راجپوت کا کہنا تھا کہ ’یہ قابلِ ستائش اقدام ہے، میں قوم کے لیے آپ کی سمجھداری کی قدر کرتی ہوں۔‘

سُربھی سبروال کا کہنا تھا کہ ’پتہ نہیں کیوں، ہم اچانک ان پاکستانی اداکاروں سے نفرت کرنے لگے۔ ہم ان کے کام سے محبت کرتے تھے، لیکن جو ہُوا اس سب کی وجہ سے۔۔۔ان کے توہین آمیز تبصروں اوران کے ملک نے جو کچھ کیا اس پر معذرت خواہ نہ ہونے کی وجہ سے انھوں نے ہمارا تمام احترام کھو دیا۔‘

دوسری جانب پاکستان مداح ماورا کی تعریف تو کر رہے ہیں ساتھ ہی ساتھ ہرش وردھو کو ٹرول بھی کر رہے ہیں کہ ’صنم تیری قسم‘ سے پہلے انھیں جانتا کون تھا؟ بیشتر کا کہنا تھا اس فلم سے پہلے ’وہ (ماورا) سٹار تھیں جبکہ وہ (ہرشوردھن) نہیں تھے۔‘

محمد عارف نامی صارف کا موقف تھا کہ ہرش وردھن کا یہ اعلان ’ایک بچگانہ رویہ ہے، ظاہر ہے وہ (ماورا) اپنے ملک کو ہی سپورٹ کریں گی۔ اگر آپ یہ توقع کر رہے ہیں کہ وہ آپریشن سندور کی تعریف کریں گی تو یہ ایک مذاق ہے۔‘

کچھ صارفین نے ہرش وردھن کے اس بیان کے بعد ان کی ممکنہ اگلی فلم کے نام کی پیش گوئیاں بھی کر ڈالیں۔

بالکل آپ صحیح سمجھے، نایدہ جعفر نامی صارف کا کہنا تھا ’وہ اگلی ’آپریشن سندور‘ میں مرکزی ہیرو کا کردار ادا کریں گے۔‘

کچھ صارفین کا کہنا تھا کہ ہرش وردھن ستاروں کی چال بوجھ گئے تھے اس لیے یہ اعلان کیا۔

دیا ملک کا کہنا تھا کہ ’یہ مشہور ہونے کی کوشش ہے۔ انھیں پتا تھا کہ اب ماورا کے ساتھ فلم بنے گی ہی نہیں اس لیے انھوں نے موقع کا فائدہ اٹھا کر ہمدردی حاصل کرنے کی کوشش کی ہے۔‘


News Source

مزید خبریں

BBC
مزید خبریں
آرٹ اور انٹرٹینمنٹ
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.