پولیس وردی میں ملبوس ملزمان کی ایک اور واردات سامنے آگئی، تاجر کے ساتھ ہوئی واردات کو 13 روز گزرنے کے باوجود ملوث ملزمان کا سراغ نہیں لگایا جاسکا۔
مدعی مقدمہ محمد جاوید کا کہنا تھا کہ ایک صنعتکار کو لوٹ لیا گیاہے تاہم پولیس کچھ نہیں کر رہی، پولیس وردی میں ملبوس افراد نے لوٹا، واردات کو کئی روز گزر گئے پولیس ملزمان کو گرفتار نہیں کرسکی۔
محمد جاوید نے بتایا کہ 18 جون کو فیکٹری جارہا تھا کہ اسکیم 33 فیز ٹو میں پولیس لائٹ لگی گاڑی نے روکا اور پولیس وردی میں ملبوس 2 ملزمان نے اسلحہ کے زور پر اپنی کار میں بٹھایا، ملزمان کی تعداد 4 تھی جنہوں نے بیش قیمت گاڑی، 2 موبائل فونز اور رقم چھین لی، بعد ازاں ملزمان نے سپر ہائی وے پر مجھے اپنی کار سے اتارا اور فرار ہوگئے جس کا مقدمہ سائٹ سپر ہائی وے تھانے میں درج ہے۔
مدعی مقدمہ محمد جاوید نے ہماری ویب سے گفتگو کرتے ہوئے کہا میرا گارمنٹس کا کام ہے، واردات کو 13 روز گزر گئے ہیں لیکن پولیس اب تک ملزمان کو گرفتار نہیں کر سکی ہے، انہوں نے اعلیٰ پولیس افسران نے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔