سعودی عرب میں مکہ مکرمہ سے مدینہ منورہ جانے والی زائرین کی بس کے ڈیزل ٹینکر سے ٹکرا جانے کے نتیجے میں 42 افراد جاں بحق ہوگئے۔ ہولناک حادثہ مدینہ کے علاقے مفریحات کے قریب پیش آیا جہاں تصادم کے فوراً بعد بس میں آگ بھڑک اٹھی جس نے پوری گاڑی کو لپیٹ میں لے لیا۔
عرب اور بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بس میں زیادہ تر بھارتی ریاست تلنگانہ سے تعلق رکھنے والے عمرہ زائرین سوار تھے۔ حادثہ رات تقریباً 1 بج کر 30 منٹ پر ہوا اس وقت بس میں بیٹھے بیشتر مسافر سو رہے تھے جس کے باعث انہیں باہر نکلنے کا موقع نہ مل سکا۔
حیدرآباد کے رکن پارلیمنٹ اسد الدین اویسی نے بتایا کہ بس میں 42 عازمین موجود تھے اور آگ لگنے کے بعد صورتحال انتہائی سنگین ہو گئی۔ انہوں نے کہا کہ وہ ریاض میں بھارتی سفارت خانے کے ڈپٹی چیف آف مشن سے رابطے میں ہیں جنہوں نے یقین دلایا ہے کہ واقعے سے متعلق تفصیلات جمع کی جا رہی ہیں۔
تلنگانہ کے وزیراعلیٰ نے واقعے پر گہرے دکھ کا اظہار کیا اور نئی دہلی کے حکام کو ہدایت کی کہ وہ بھارتی سفارت خانے کے ساتھ مسلسل رابطے میں رہیں اور متاثرہ خاندانوں کی فوری مدد کو یقینی بنائیں۔ اویسی نے بھی مرکزی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ جاں بحق افراد کی میتوں کو بھارت منتقل کرنے اور زخمیوں کو فوری علاج فراہم کرنے کے لیے اقدامات کیے جائیں۔
ریسکیو حکام کے مطابق حادثے کے بعد بس مکمل طور پر جل گئی تھی جس کے باعث لاشوں کی شناخت میں شدید مشکلات پیش آ رہی ہیں۔ سعودی حکام نے حادثے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں جبکہ بھارتی سفارت خانہ متاثرہ خاندانوں سے رابطے میں ہے۔