ارفع کریم کی 24 ویں سالگرہ آج منائی جارہی ہے

image
پاکستان کی پہچان بننے والی کم عمر ترین مائیکروسافٹ سرٹیفائیڈ پروفیشنل ارفع کریم رندھاوا کی آج چوبیسویں سالگرہ منائی جا رہی ہے۔دوفروری انیس سو پچانوے کو فیصل آباد میں ایک ننھی سی کلی کھلی جس کا نام ارفع کریم رندھاوا رکھا گیا۔ ارفع کریم نے صرف نو سال جو بچوں کے کھیلنے کودنے کے دن ہوتے ہیں ،کی عمر میں مائیکروسافٹ سرٹیفائیڈ پروفیشنل کی سند حاصل کر کے دنیا بھر میں پاکستانیوں کا سرفخر سے بلند کردیا۔اس عظیم کامیابی پر دو ہزار پانچ میں مائیکرو سافٹ کے بانی بل گیٹس نے ارفع کریم کو مائیکرو سافٹ ہیڈکوارٹر بلا کر خصوصی ملاقات میں انہیں سند سے نوازا ۔بچپن سے اپنی حیران کن صلاحیتوں سے سب کو گرویدہ بنانے والی ارفع کریم نے فاطمہ جناح گولڈ میڈل، سلام پاکستان یوتھ ایوارڈ اور صدارتی پرائیڈ آف پرفارمنس ایوارڈ سمیت کئی اعزازات حاصل کرتے ہوئے والدین کا نام روشن کیا۔پاکستان کی سربلندی کے لیے اپنی خدمات پیش کرنا ننھی عرفہ کا مشن تھا لیکن صرف تیرہ سال کی عمر میں انہیں ذہنی پیچیدگی کا مرض لاحق ہوا اور اسی میں دل کا دورہ پڑنے سے وہ کومہ میں چلی گئیں۔ بل گیٹس نے ارفع کریم کو امریکہ لے جا کر علاج کروانے کی پیشکش بھی کی لیکن وہ سفر کے قابل نہ تھیں اور چودہ جنوری دو ہزار بارہ کو خالق حقیقی سے جاملیں ۔

News Source : Abbtakk

You May Also Like :
مزید