امریکی کمرشل سروس(USCS) کے تحت پاکستانی کمپنیوں کا 6 رکنی وفد ’’سولر پاور انٹرنیشنل‘‘ نمائش میں شرکت کررہا ہے جو 10 سے 13 ستمبر تک امریکی ریاست نیواڈا کے شہر لاس ویگاس میں منعقد کی گئی ہے۔
’’سولر پاور انٹرنیشنل‘‘ شمالی امریکا کی سب سے بڑی شمسی توانائی کی مصنوعات کی نمائش ہے۔ 2016ء کی نمائش میں اس صنعت سے وابستہ 18 ہزار سے زائد افراد اور دنیا بھر سے 600 سے زائد شمسی توانائی کی مصنوعات بنانے والی کمپنیوں اور خدمات فراہم کرنے والے اداروں نے شرکت کی۔ ایس پی آئی میں آگاہی سیشن، روابط کے فروغ اور مصنوعات کی نمائش کا انعقاد کیا جاتا ہے۔
نمائش میں شرکت کرنے والی پاکستانی کمپنیوں کو بھی یہ موقع ملے گا کہ وہ شمسی
توانائی کے شعبے میں ہونے والی پیش رفت کی گہری واقفیت حاصل کرسکیں اور اس کے مواقع
سے روشناس ہوسکیں۔
امریکی کمرشل سروس(USCS) پاکستانی وفد کو ایس پی آئی نمائش میں مفت رجسٹریشن، موزوں
امریکی سپلائروں سے تجارت کے لیے گفت و شنید کا موقع فراہم کرے گی، اس کے علاوہ
پاکستانی وفد کو نمائش میں صرف بین الاقوامی شرکا کے لیے مخصتص انٹرنیشنل بزنس
سینٹر سے بلامعاوضہ مستفید ہونے کی سہولت بھی فراہم کی جائے گی۔ نمائش میں امریکی
کمرشل سروس کے تحت پاکستان سمیت 30 ممالک کے وفود شرکت کریں گے۔
امریکی کمرشل قونصلر اسٹیو نوڈSteve Knode نے پاکستان کے توانائی کے شعبے کی
کمپنیوں کے لیے اس نمائش کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ ’’ہم پاکستان میں شمسی
توانائی کے شعبے کے لیے موجود بھرپور مواقع سے آگاہ ہیں۔ اس نمائش میں پاکستانی وفد
کو لے جانا ہمارے اس عزم کا حصہ ہے کہ امریکا کی بہترین سولر ٹیکنالوجی کو پاکستان
میں متعارف کرایا جائے تاکہ ان مواقع سے فائدہ اٹھایا جاسکے۔‘‘
امریکا پاکستان کا سب سے بڑا تجارتی شراکت دار ہے اور 2016ء میں یو ایس کمرشل سروس
کے تحت 200 سے زائد پاکستانی تاجروں کو امریکا کی 15 ریاستوں کا دورہ کرایا گیا
تاکہ دونوں ملکوں کے تجارتی تعلقات مزید مضبوط ہوسکیں۔ تجارتی نمائشیں بھی پاکستان
اور امریکا کے عوام کے درمیان دوطرفہ تجارتی تعلقات بڑھانے میں اہم کردار ادا کرتی
ہیں۔