گورنمنٹ اسکول بغیر کسی فیس کے امتحانی فارم جمع کرا سکتے ہیں
کراچی……ثانوی تعلیمی بورڈکراچی کے اعلامیہ کے مطابق جماعت نہم سائنس و جنرل گروپ
ریگولر اور پرائیویٹ کے سالانہ امتحانی فارم سال 2020کے جمع کرانے کا شیڈول جاری
کردیا گیا ہے۔ چیئرمین میٹرک بورڈ پروفیسر ڈاکٹر سعید الدین نے کہا کہ سائنس وجنرل
گروپ ریگولر کے امتحانی فارم بغیر لیٹ فیس کے یکم نومبر سے 29نومبر2019 تک جمع
کرائے جا سکتے ہیں انہوں نے کہا کہ فارم جمع کراتے وقت پریکٹیکل سوالنامہ منسلک
ہونا لازمی ہے۔ تمام الحاق شدہ تعلیمی اداروں کے سربراہان سے کہا گیا ہے کہ وہ
اتھارٹی لیٹر کے ہمراہ تقریباً 10 امتحانی فارم بورڈ کے خصوصی کاؤنٹر گراؤنڈفلور
بلاکAسے (100روپے ) کیش فی فارم حاصل کر سکتے ہیں جبکہ 10 سے زائد امتحانی فارم
لینے کیلئے اسکول سربراہان اپنے اتھارٹی لیٹراور سیکرٹری بورڈ کے نام پے آرڈر کے
ذریعے ایگزامینشن اسٹور سے فارم حاصل کرسکتے ہیں ۔جبکہ پرائیویٹ امیدوار امتحانی
فارم نیشنل بینک، حبیب بینک لمیٹڈ، عسکری کمرشل بینک اور یونائیٹڈ بینک لمیٹڈ بورڈ
آفس بوتھ سے حاصل کر سکتے ہیں۔ چیئرمین میٹرک بورڈ نے کہا کہ تمام گورنمنٹ
اسکول،بلدیہ،میونسپل کارپوریشن اور لیبرڈپارٹمنٹ کے ماتحت آنے والے اسکول بغیر کسی
فیس کے امتحانی فارم اپنے تصدیق شدہ گورنمنٹ اسکول کے اتھارٹی لیٹر اورانرولمنٹ کی
رسید کی فوٹو کاپی کے ساتھ امتحانی فارم اکاؤنٹس سیکشن سے رسید بنوانے کے بعد
ایگزامینشن اسٹور سے لے سکتے ہیں اور اسی شیڈول کے مطابق جمع بھی کرا سکتے ہیں۔بعد
ازاں دیئے گئے شیڈول کے مطابق امتحانی فارم لیٹ فیس کے ساتھ2دسمبر سے 13دسمبر تک
200 روپے ،16دسمبر سے 27دسمبرتک500 روپے، 30دسمبر سے3جنوری2020 تک800 روپے،6 جنوری
سے 10جنوری تک 1200 روپے، 13جنوری سے 17جنوری تک1500روپے، 20جنوری سے31جنوری تک
1800روپے اورآخری تاریخ گزرنے کے بعد2500 روپے لیٹ فیس کے ساتھ امتحانی فارم جمع
کئے جائیں گے۔