ڈیرہ بگٹی : ڈاکوؤں کا جوابی وار، 2 گرفتار ساتھیوں کے بدلے 7 اہلکار اغوا، تاحال عدم بازیاب

image

بلوچستان کے ضلع ڈیرہ بگٹی سے اغوا ہونے والے 4 لیویز اور 3 پولیس اہلکار بازیاب نہ ہوسکے۔

لیویز کنٹرول ڈیرہ بگٹی کے مطابق جمعرات کو مسلح افراد نے چار لیویز اور تین پولیس اہلکاروں کو اغوا کرلیا جو ایک روز گزرنے کے بعد بھی بازیاب نہ کرائے جاسکے۔ لیویز اہلکاروں کو دولی اور پولیس اہلکاروں کو عنایت شاہ دربار پولیس چوکی کے قریب سے اغوا کیا گیا۔

معلوم ہوا ہے کہ ڈیرہ بگٹی کی تحصیل سُوئی میں جمعرات کی دوپہر لیویز نے ڈکیتی کی وارداتوں میں ملوث ہونے کے الزام میں 2 ڈاکوؤں کو گرفتار کیا تھا جس کے ردعمل میں ڈاکوؤں کے ساتھیوں نے پولیس اور لیویز کے ناکوں پر حملہ کرکے اہلکاروں کو اسلحہ سمیت اغوا کرلیا۔

اغوا ہونے والوں میں لیویز اہلکار علی نواز دیناری، شونگل ہوتکانی، مٹھل خان دیناری اور پولیس اہلکاروں میں محمد جان، غلام یاسین اور بچل شامل ہیں۔ اہلکاروں کی بازیابی کے لیے سرچ آپریشن کے ساتھ قبائلی سطح پر بھی کوششوں کی اطلاعات موصول ہوئیں جس کی تصدیق کے لیے جب ایس ایچ او سوئی سے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے فون پر بات کی نہ ہی واٹس ایپ پر مسیج کا جواب دیا۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Get Alerts