مصر کی جانب سے پاکستانیوں کیلئے ویزے کا اجراء مکمل طور پر بند کر دیا گیا ہے۔
پاکستانیوں کی ایک بڑی تعداد سرمایہ کار، تاجر، اور سیر و تفریح کرنے والوں کی ہے، جنہوں نے مصر ایمبیسی میں پاسپورٹ جمع کرائے ہوئے ہیں لیکن سفارت خانے کی جانب سے تاحال کوئی تسلی بخش جواب موصول نہیں ہو سکا ہے جس کی وجہ سے ویزے کے لئے اپلائی کئے گئے افراد میں اضطراب کی کیفیت پائی جا رہی ہے خصوصاً جو کاروباری افراد ہیں ان کا پیسہ بھی ضائع ہونے کا خدشہ ہے۔
تفصیلات کے مطابق مصر کی حکومت نے سفارتی سطح پر پاکستان کے ویزے بند کئے ہوئے ہیں۔ حکومت کو فوری طور پر اس کا نوٹس لینا چاہیے اور مصر کے سفارتی ذرائع سے بات چیت کرنی چاہیے تاکہ وہاں موجود پاکستانیوں اور پاکستان سے جانے والے افراد کی مشکلات میں کمی آ سکے۔
نجی ٹی وی چینل کے ذرائع کے مطابق مصر ایمبیسی میں قونصلر سیکشن سے رابطہ کیا گیا تو وہاں سے ٹال مٹول کے سوا کچھ نہیں ملا، اس کے علاوہ گروپس کی صورت میں سفر کرنے والے سیاح بھی پریشانی میں مبتلا ہیں کہ انہیں ابھی تک ویزے جاری نہیں کئے گئے ہیں۔ وزیر خارجہ اور سیکرٹری خارجہ سے اس معاملے پر نوٹس لینے کی اپیل کی گئی ہے۔
واضح رہے کہ مصر میں جانے والے سیاحوں کی وجہ سے مصر کو کثیر زرمبادلہ بھی حاصل ہوتا ہے۔ اگر مصر پاکستانی سیاحوں کو ویزے جاری نہیں کر ے گا تو اس سے اس کی معیشت کو بھی نقصان پہنچے گا۔ شاید یہی وجہ ہے کہ مصر کی جانب سے ابھی تک کوئی واضح جواب نہیں دیا جا رہا۔