پاک بحریہ کے لیفٹیننٹ طہٰ عباسی شہید کی یادیں ایک بار پھر سوشل میڈیا پر لوگوں کی توجہ کا مرکز بن گئی ہیں، جب ان کی بہن ماہ نور عباسی نے اپنے بھائی کے ساتھ گزری ہوئی خوبصورت اور جذباتی یادیں شیئر کرنا شروع کیں۔
لیفٹیننٹ طٰہٰ عباسی 15 جون 2026 کو منڈہ، مردان کے قریب ایک تربیتی پرواز کے دوران طیارہ حادثے میں شہید ہو گئے تھے۔ اس پرواز میں پاکستان ایئر فورس کے فلائٹ لیفٹیننٹ محمد قاسم عبداللہ بھی ان کے ساتھ موجود تھے۔
حادثے کے بعد اہل خانہ شدید صدمے سے دوچار ہیں، تاہم انہوں نے صبر، حوصلے اور اللہ کی رضا پر راضی ہونے کا اظہار کیا۔ چند روز قبل شہید کے والدین نے ایک انٹرویو میں اپنے بیٹے کی شہادت پر دل کے جذبات بیان کیے اور کہا کہ وہ اس آزمائش کو اللہ کی مرضی سمجھ کر قبول کرتے ہیں۔ ان کا یہ انٹرویو لاکھوں لوگوں نے دیکھا جس کے بعد سوشل میڈیا صارفین نے خاندان کے لیے دعاؤں اور ہمدردی کا اظہار کیا۔
لیفٹیننٹ طٰہٰ عباسی کے دو بھائی اور ایک بہن ہیں۔ ان کے تمام بھائی پاک فوج میں خدمات انجام دے رہے ہیں جبکہ ان کی بہن ماہ نور عباسی ایک آنکولوجسٹ ہیں۔
ماہ نور عباسی اپنے بھائی کی یاد میں روزانہ سوشل میڈیا پر جذباتی پوسٹس، تصاویر اور ویڈیوز شیئر کر رہی ہیں۔ انہوں نے اپنے بھائی کی حالیہ سالگرہ کی تصاویر، گھومنے پھرنے کے لمحات اور آپس کی گفتگو بھی شیئر کی ہے، جنہیں دیکھ کر صارفین بھی جذباتی ہو رہے ہیں۔
ماہ نور عباسی نے ایک موقع پر کہا کہ میرے بھائی کی یادیں میرے دل سے کبھی ختم نہیں ہو سکتیں، وہ ہمیشہ ہمارے ساتھ رہیں گے۔ اسی طرح ان کے بہنوئی شیر دل نے ایک پیغام میں شہادت کے بارے میں کہا، شہادت ایک بلند مقام ہے اور یہ اللہ کی طرف سے ایک عظیم انعام ہے۔
خاندان کی جانب سے شیئر کی جانے والی یہ یادیں اور تصاویر نہ صرف قریبی عزیزوں بلکہ عام سوشل میڈیا صارفین کو بھی گہرے طور پر متاثر کر رہی ہیں، اور لوگ مسلسل اس خاندان کے صبر اور حوصلے کے لیے دعائیں کر رہے ہیں۔