لوگ اندھا دھند خریداری کے بجائے سوچ سمجھ کر ایرانی ریال خریدیں، ملک بوستان

image

خصوصی رپورٹ ۔۔۔۔

پاکستانیوں نے پانچ روز میں تین کھرب ایرانی ریال خرید لیے، ایران امریکا مفاہمت کے بعد چند دن میں ایرانی ریال کی قدر میں سو فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

ایکسچینج کمپنیز ایسوسی ایشن آف پاکستان ای کیپ کے چیئرمین ملک بوستان کہتے ہیں کہ پاکستان میں ایرانی ریال کی خریدوفروخت قانونی ہے اور ان دنوں پاکستان کی مڈل کلاس ایرانی ریال خرید رہی ہے۔۔ کوئی بھی شہری ایک ماہ میں پونے تین لاکھ روپے کی ایرانی کرنسی خرید سکتا ہے۔

کرنسی ڈیلرز کے مطابق ان دنوں ایرانی ریال ایک بار پھر سے لائم لائٹ میں آگیا ہے اور اس کی قابل ذکر خرید و فروخت دیکھی جا رہی ہے۔۔

ای کیپ کے چیئرمین ملک بوستان کے مطابق پاکستانیوں نے پانچ روز میں تین کھرب ایرانی ریال خرید لیے ہیں، دو ہزار میں ایک کروڑ ملنے والے ایرانی ریال کی قیمت چار ہزار روپے ہوگئی ہے، تاہم ابھی پاکستان کی مڈل کلاس ایرانی ریال خرید رہی ہے جبکہ اشرافیہ کا رجحان نظر نہیں آیا۔

یاد رہے کہ پاکستان میں ایرانی ریال کی خرید وفروخت قانونی ہے۔ اسٹیٹ بینک کی جانب سے ایرانی ریال خریدنے یا بیچنے پر کوئی پابندی نہیں ہے۔

ملک بوستان کہتے ہیں عوام لائسنس یافتہ منی چینجرز سے ایرانی ریال خریدیں، کیونکہ بلیک میں غیر قانونی افراد سے ٹریڈنگ کرنا جرم ہے۔ انہوں نے بتایا کہ کراچی سے باہر اور دور دراز شہروں میں ایرانی ریال کی قیمت زیادہ ہے، ایران امریکا ایم او یو پر دستخط کے بعد ایرانی ریال کی خریداری اور قدر دونوں میں نمایاں اضافہ ہوا۔

2018 میں ایرانی ریال کی قدر 12 ہزار سے بڑھ کر 60 ہزار فی کروڑ تک پہنچی تھی۔ جو ایران پر دوبارہ سیکشنز لگنے پر 60 ہزار سے گرتے گرتے دو ہزار روپے فی کروڑ تک نیچے آگئی تھی۔

کرنسی ڈیلرز کے مطابق کوئی بھی پاکستانی شہری ایک ماہ میں 275000 روپے کے ایرانی ریال خرید سکتا ہے۔ اس وقت ایک ڈالر کی قدر عالمی سطح پر 16 لاکھ اور پاکستان میں 13 لاکھ ایرانی ریال ہے۔ ایران امریکا مفاہمت پر لوگوں کو لگتا ہے کہ ایرانی ریال کی قدر بڑھ جائے گی، تاہم ملک بوستان نے مشورہ دیا ہے کہ لوگ اندھا دھند خریداری کے بجائے سوچ سمجھ کر ایرانی ریال خریدیں۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US