سعودی حکومت نے شادی ہالز اور تمام ریسٹورنٹس میں کھانا ضائع کرنے پر پابندی عائد کر دی ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کی ایک رپورٹ کے مطابق سعودی وزیر برائے بلدیات و دیہی امور کی جانب سے یہ ہدایت کی گئی ہے کہ بچے ہوئے کھانے کو غریب لوگوں میں تقسیم کیا جائے۔
اس سلسلے میں ان تنظیموں سے معاہدے کرنے کی بھی ہدایت کی گئی ہے جو خاص طور پر اِسی کے لئے کام کر رہی ہیں۔ رپورٹ کے مطابق ریسٹورنٹس اور شادی ہالز سے بچا ہوا کھانا جمع کرکے ضرورت مند اور غریب لوگوں میں تقسیم کرنے والی تنطیموں نے بھی وزارتِ بلدیات کے اس بیان کا خیر مقدم کیا ہے۔
وزارت بلدیات و دیہی امور کا ایک بیان سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری ہوا جس میں ان کا کہنا تھا کہ قائم مقام وزیر ڈاکٹر ماجد القصبی نے تمام میونسپلٹیوں کو تحریری طور پر ہدایت کر دی ہے کہ وہ ریسٹورنٹس اور شادی ہالز کو بچا ہوا کھانا فلاحی اداروں کے حوالے کرنے کا پابند بنائیں۔
یاد رہے کہ ماضی میں سعودی عرب میں بچا ہوا کھانا بڑی مقدار میں ضائع ہوتا تھا، اس ملک کا شمار ان ممالک میں کیا جانے لگ گیا تھا جہاں بچا ہوا کھانا بہت بڑی تعداد میں ضائع کردیا جاتا ہے۔