افغانستان میں شدید غربت اور انسانی بحران پیدا ہونے کی وجہ سے معصوم بچوں کے پاس سخت سردی سے لڑنے کی ضروری چیزیں بھی موجود نہیں ہیں۔ حال ہی میں سوشل میڈیا پر ایسی ویڈیو وائرل ہوئی ہے جس میں ایک ننھا بچہ بغیر کسی جوتے کے ننگے پاؤں سڑک پر چل رہا ہے۔ ویڈیو دیکھیں
اس ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ جس سڑک پر برف پڑی ہوئی ہے وہیں ایک ننھا بچہ ننگے پاؤں چل رہا ہے۔ وہ بچہ ایک گاڑی والے کے پاس جاتا ہے جو اس سے پشتو میں بات چیت کرتا ہے۔ ہم نیوز کے مطابق بچہ گاڑی والے کو بتاتا ہے کہ اس کے ہاتھ میں سوکھے ہوئے روٹی کے ٹکڑے ہیں جو اس نے اپنے اور اپنے گھر والوں کے لئے جمع کیے ہیں۔ وہ شخص بچے کے پیروں کو چھوتا ہے جو بہت زیادہ ٹھنڈے ہورہے ہوتے ہیں۔
گاڑی والا بچے کو جوتا دلانے لے جاتا ہے
گاڑی والے کا دل بچے کو اس حال میں دیکھ کر پگھل جاتا ہے اور وہ اسے گود میں لے کر جوتوں کی دکان میں لے جاتا ہے۔ ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ نیک دل شخص کس طرح ایک غریب بچے کے پیروں کو خود صاف کررہا ہے۔ یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہورہی ہے جسے دیکھ کر کئی لوگوں کی آنکھوں میں بچے کی بے بسی اور غربت کو دیکھ کر آنسو آگئے ہیں۔
غربت اور انسانی بحران کی وجہ
واضح رہے کہ افغانستان میں انسانی بحران اور غذائی قلت امریکا کے وہاں سے نکلنے کے بعد شروع ہوئی ہے جس کی وجہ امریکا کا افغانستان میں طالبان کی حکومت کو قبول نہ کرنا اور افغانستان کے اثاثے انھیں واپس نہ کرنا ہے۔ افغانستان کے علاوہ پاکستان نے بھی کئی بار عالمی پرادری سے افغانستان کے اثاثے بحال کرنے کی درخواست کی ہے۔