بانی پاکستان کا 149 واں یوم پیدائش، مزار قائد پر گارڈ کی تبدیلی کی پروقار تقریب

image

بانی پاکستان قائدِاعظم محمد علی جناح کی 149ویں یومِ پیدائش کے موقع پر مزارِ قائد کراچی میں گارڈ کی پروقار تبدیلی کی تقریب منعقد ہوئی۔

تقریب میں پاکستان ملٹری اکیڈمی (پی ایم اے) کاکول کے چاق و چوبند دستے نے مزارِ قائد پر گارڈ کے فرائض سنبھالے، جبکہ پاکستان ایئر فورس نے باضابطہ طور پر کمان پی ایم اے کاکول کے حوالے کی۔ اس موقع پر پاک فوج کے دستے کی منظم پریڈ تقریب کی نمایاں جھلک رہی۔

تقریب کے مہمانِ خصوصی کمانڈنٹ پی ایم اے کاکول میجر جنرل افتخار حسین چوہدری تھے، جنہوں نے گارڈز کے ہمراہ مزارِ قائد پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔ کیڈٹس نے قائدِاعظم کو سلامی پیش کی، بینڈ کی دھنیں بجائی گئیں اور سلامی کے دوران پریڈ موومنٹس کا مظاہرہ کیا گیا۔ آخر میں مہمانِ خصوصی نے وزٹرز بُک پر دستخط کیے اور قومی ترانہ بجایا گیا۔

ملک بھر میں یومِ پیدائش سرکاری تعطیل کے طور پر منایا گیا۔ دن کا آغاز اسلام آباد میں 31 توپوں اور صوبائی دارالحکومتوں میں 21 توپوں کی سلامی سے ہوا۔ فجر کے بعد مساجد میں خصوصی دعائیں، قومی پرچم سرکاری و نجی عمارتوں پر لہرایا گیا، جبکہ مزارِ قائد پر قرآن خوانی اور تبدیلیٔ گارڈ کی تقریبات منعقد ہوئیں۔

صدرِ مملکت آصف علی زرداری اور وزیرِاعظم محمد شہباز شریف نے اپنے پیغامات میں قائدِاعظم کے اصولوں ایمان، اتحاد اور نظم پر کاربند رہنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ قائد جمہوریت، انصاف اور مساوات کے علمبردار تھے اور یہی اقدار قومی ترقی کے لیے ناگزیر ہیں۔

چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، نیول چیف ایڈمرل نوید اشرف اور ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے بھی قائدِاعظم کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے ملکی خودمختاری و سلامتی کے تحفظ کے عزم کو دہرایا۔ مسلح افواج نے مسیحی برادری کو کرسمس کی مبارکباد بھی دی۔

ادھر نائب وزیرِاعظم و وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار نے قائدِاعظم کی یومِ پیدائش اور کرسمس کے موقع پر پیغام میں کہا کہ قائد نے پاکستان کو ایک ایسا جمہوری ریاست بنانے کا خواب دیکھا جہاں بلاامتیاز شہری حقوق محفوظ ہوں۔ انہوں نے 11 اگست 1947 کی تقریر کا حوالہ دیتے ہوئے اقلیتوں کے حقوق، مذہبی آزادی اور مساوات کے عزم کو آئین کی بنیاد قرار دیا اور بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ پر زور دیا۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US