بھارتی ریاست آسام میں مودی حکومت کی پالیسیوں کے خلاف ہونے والے پُرتشدد مظاہروں کے دوران کئی افراد ہلاک جبکہ متعدد زخمی ہوگئے ہیں۔
بھارتی اخبار دی ہندو کے مطابق آسام کے قبائلی اضلاع کاربی انگ لانگ اور کھیرونی میں زمین کے تنازع پر حالات کشیدہ ہیں، جہاں مختلف علاقوں سے آئے غیر مقامی آبادکاروں کے مبینہ قبضوں کے خلاف قبائلیوں نے احتجاج کیا۔ مظاہرین کا کہنا ہے کہ غیر مقامی افراد کی آبادکاری سے مقامی قبائل کے معاشی وسائل اور آبادیاتی توازن کو شدید خطرات لاحق ہیں۔
قبائلی مظاہرین نے مطالبہ کیا ہے کہ زرعی اور کاروباری زمینوں سے غیر مقامی افراد کو فوری طور پر نکالا جائے۔ احتجاج کے دوران جھڑپیں ہوئیں، جن میں جانی نقصان کی اطلاعات ہیں۔
دوسری جانب بھارتی حکومت نے صورتحال کے پیش نظر متاثرہ علاقوں میں انٹرنیٹ سروس معطل کر دی ہے جبکہ امن و امان برقرار رکھنے کے لیے کرفیو بھی نافذ کر دیا گیا ہے۔ سیکیورٹی فورسز کی بھاری نفری تعینات کر دی گئی ہے۔