ہرات میں داڑھی منڈوانے والے شخص کو افغان طالبان نے حراست میں لے لیا

image

افغان طالبان کے محکمہ امر بالمعروف و نہی عن المنکر کے اہلکاروں نے مغربی افغانستان کے شہر ہرات میں داڑھی منڈوانے پر ایک شخص کو حراست میں لے لیا۔

افغان میڈیا نے مقامی ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ طالبان کے محکمہ امر بالمعروف کے ارکان نے منگل کی صبح امین اللہ عزیزی نامی شخص کو گرفتار کیا جس کے بعد سے اس شخص کے بارے میں کوئی اطلاع نہیں ہے۔

افغان میڈیا کے مطابق ہرات میں اس سے قبل بھی ایسے واقعات پیش آ چکے ہیں جہاں داڑھی منڈوانے پر شہریوں کو طالبان کی جانب سے سخت سلوک کا سامنا کرنا پڑا۔

افغان میڈیا کے مطابق طالبان نے اس گرفتاری یا اس کی وجوہات پر کوئی تبصرہ نہیں کیا۔

افغان طالبان کی وزارتِ امر بالمعروف کی جانب سے جاری ضوابط کے تحت مردوں کو داڑھی منڈوانے سے منع کیا گیا ہے اور حکام کا کہنا ہے کہ اس حکم کی خلاف ورزی کرنے والوں کو سزا دی جائے گی۔

2021 میں اقتدار میں واپسی کے بعد طالبان نے افغانستان بھر میں سخت سماجی ضوابط نافذ کیے ہیں جن پر اقوام متحدہ اور بین الاقوامی انسانی حقوق کی تنظیموں کی جانب سے تنقید کی جاتی رہی ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US