آسمان سے کسی پرندے ، کیڑے مکوڑے یا کسی بھی جاندار کا اچانک گرنا انسان کے اندرخوف و رقت طاری کردیتا ہے۔
ایک ایسا ہی دل دہلا دینے والا منظر میکسیکو میں دیکھا گیا جب آسمان سے اچانک درجنوں پرندے گرنا شروع ہوئے اور لوگوں میں خوف و ہراس پھیل گیا ہے۔
ماہرین نے بھی اس معاملے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اپنی اپنی رائے کا اظہار کیا ہے۔
یہ واقعہ میکسیکو کے شمالی شہر کواؤ تیموک میں پیش آیا ہے جہاں بہت تیزی سے پرندے پکے ہوئے پھلوں کی طرح سڑکوں پر گرتے رہے۔ اس واقعے سے ایک جانب تو لوگوں میں ڈر اور پریشانی ہے تو دوسری جانب ماہرین اس کی مختلف وضاحتیں پیش کرتے رہے۔
کچھ ماہرین کے مطابق ان پر شکاری پرندوں کا حملہ کیا گیا تھا جس کی وجہ سے وہ زخمی ہوکر آسمان سے نیچے گرنے لگے لیکن یہ بات واضح نہیں ہوئی کہ تمام پرندے موسمِ سرما میں نقل مکانی کررہے تھے۔
سی سی ٹی وی فوٹیج میں پرندوں کو مکانات اور سڑک پر سیاہ چادر کی طرح گرتے دیکھا جاسکتا ہے جو ایک تیز عمل تھا۔ اکثر پرندوں کی رنگت سیاہ اور پیلی دیکھی گئی ہے۔
تمام پرندے امریکہ اور کینیڈا کی یخ بستہ سردی سے بچ کر میکسیکو آرہے تھے جو موسمِ سرما ختم ہونے پر واپس جارہے تھے۔ واقعے کی خبر سب سے پہلے ایک مقامی اخبار ایل ہیرالڈو نے دی۔