مشکل کب کس کے سامنے آجائے کچھ کہا نہیں جاسکتا۔ اور مشکل کسی بھی شکل میں انسان کے سامنے آسکتی ہے جس کا اسے سامنا کرنا پڑتا ہے۔
ایک ایسا ہی مشکل وقت سوڈان کے دارالحکومت خرطوم میں ایک بچے کے ساتھ پیش آیا جہاں اس کی زندگی کو داؤ پر لگی ہوئی تھی۔
خرطوم میں ایک بچے کو 8 گھنٹے تک ایک ٹرک کے کچرہ کچلنے والے حصے میں پھنسے رہنے کے بعد زندہ باحفاظت باہر نکالا گیا۔
مقامی پولیس کے مطابق ماجد مبارک نامی یہ بچہ خرطوم شہری صفائی کے محکمے اسٹیٹ کلیننگ کارپوریشن کے لیے کام کر رہا تھا۔اطلاعات کے مطابق بچہ ٹرک کے اندر کچرا پھینک رہا تھا اور اسی دوران وہ اس کے اندر پھنس گیا۔ بچہ اب ہسپتال میں زیر علاج ہے لیکن پولیس نے اس کی حالت کے بارے میں مزید معلومات فراہم نہیں کیں۔
امدادی کارکنوں نے پوری رات کوشش کر کے اس بچے کو ٹرک سے نکالا ہے۔ سوشل میڈیا پر اس ریسکیو آپریشن کی ویڈیوز شیئر کی جا رہی ہیں۔
ایک عینی شاہد نے بتایا کہ ٹرک کے ’ہائیڈرالک ہیچ‘ میں پھنسے بچے کی ہتھیلی نظر آ رہی تھی۔
ایک کلپ میں ایک ویلڈر کو دیکھا جا سکتا ہے جبکہ دوسرے میں ہیچ کو کھدائی والی مشین کی مدد سے کھولنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ٹرک کے اِردگرد لوگ جمع ہیں اور بچے کو نکالنے سے متعلق مشورے دیتے سنائی دے رے ہیں۔