اس وقت یوکرین حالت جنگ میں ہے کیونکہ روسی فوجی یوکرین کے شہروں میں قبضہ کرنے کی غرض سے داخل ہوچکے ہیں۔ وہیں یوکرینی فوجی روسی فوجیوں کا مقابلہ کرنے اور اپنے ملک کا دفاع کرنے کے لیے میدان میں آچکے ہیں۔
سوشل میڈیا پر اس وقت روس اور یوکرین تنازعہ ٹاپ ٹریند اختیار کیا ہوا ہے۔ صارفین روس کے اقدام کو امن دشمن قرار دے رہے ہیں جبکہ یوکرین کی بھرپور انداز سے حمایت جاری ہے۔
روسی حملے کے بعد یوکرین کے دفاع کے لیے لڑنے والے ایک فوجی نے روس کے زیر قبضہ کریمیا کو یوکرین سے ملانے والے پل کو خود پر بارود لگاکر دھماکے سے اڑاکر اپنی جان دے دی۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق جب روسی ٹینکوں کی جانب سے حملہ کیا تو میرین بٹالین کے انجینئر 'وٹالی سکاکون وولوڈیمیرووچ' کو جنوبی صوبے کھیرسن کے ہینیچسک پُل پر تعینات کیا گیا تھا۔
وٹالی نے ہمت و بہادری کا مظاہرہ کرنے اور اپنی جان کی پرواہ نہ کرتے ہوئے دشمن کو ملک تباہ کرنے سے روکنے کے لیے اپنی جان کا نظرانہ پیش کردیا۔
یوکرین فوج کے جنرل اسٹاف نے ایک بیان میں کہا کہ فوج نے فیصلہ کیا کہ روسی ٹینکوں کو روکنے کا واحد راستہ پُل کو اڑانا ہے اور اس ضروری کام کے لیے رضاکارانہ خدمات وٹالی سکاکون نے انجام دیں۔