کھیلوں کی دنیا کی خوبصورتی یہ ہے کہ میدان میں بھلے فریق ایک دوسرے کے مقابل ہوں لیکن میدان سے باہر دوستوں کی طرح ہوتے ہیں پاکستان بھارت اگرچہ سیاسی طور پر بھی ایک دوسرے کے حریف ہیں لیکن ساتھ کھیلتے ہوئے ان کے درمیان بھی دوستی کے جذبات پروان چڑھتے ہیں جو انسانیت کی خوبصورت مثال ہے۔
سوشل میڈیا پر پاکستانی ویمن کرکٹ ٹیم کی کپتان بسمہ اور ان کی ننھی سی گڑیا کی خوشگوار تصویر بھارتی ویمن کرکٹ ٹیم کے ساتھ وائرل ہوئی تو جہاں پاکستان اور انڈیا کے عوام کے دل جیت لئے وہیں سابق لیجنڈ بھارتی کرکٹر سچن ٹنڈولکر بھی خاموش نہ رہ سکے۔
سچن نے بسمہ کی تصویر اپنے ٹوئٹر پر شئیر کرتے ہوئے لکھا کہ “کھیل متحد کرتا ہے۔ کرکٹ کے میدان میں رکاوٹیں ہوتی ہیں لیکن میدان کے باہر ہر رکاوٹ ٹوٹ جاتی ہے“
بسمہ کی یہ خوبصورت تصویر بھارت کے خلاف میچ کھیلنے کے بعد کی ہے۔ اس سے قبل وہ اسٹیڈیم میں بچی کو ساتھ لانے پر داد سمیٹ چکی تھیں اور خود کو ایک مضبوط عورت کے طور پر منوا چکی تھیں لیکن تھوڑی دیر بعد روایتی حریف ٹیم کے ساتھ اتنے پیار بھرے ماحول میں تصاویر بنوا کر وہ کل سے سوشل میڈیا پر چھائی ہوئی ہیں۔