سوشل میڈیا پر ایسی کئی ویڈیوز اور تصاویر موجود ہیں جو کہ کسی واقعے کو بیان کر رہی ہوتی ہیں۔ کچھ ایسی ہوتی ہیں جو کہ سب کی توجہ حاصل کر لیتی ہیں۔
ہماری ویب ڈاٹ کام کی اس خبر میں آپ کو اسی حوالے سے بتائیں گے۔
سوشل میڈیا پر ایک ایسی کہانی وائرل ہے جس میں بیٹی کے پیدا ہونے کے 2گھنٹے بعد ہی والد چل بسے۔ واقعہ اس حد تک جذباتی اور افسردہ ہے کہ آنکھوں سے آنسوں نکل رہے تھے اور یہ سوچ غالب آ رہی تھی کہ دنیا میں ایسا بھی ہو سکتا ہے،
دراصل امریکہ سے تعلق رکھنے والے بریٹ اور نکولا بہترین دوست تھے، دونوں ہی ایک اسکول میں استاد کے فرائض سر انجام دے رہے تھے۔ دونوں کے درمیان قربت اس حد تک بڑھ گئی کہ بات شادی تک جا پہنچی۔
اس طرح دونوں نے شادی کا فیصلہ کر لیا اور شادی بھی ہو گئی، شادی کے کچھ سال بعد جوڑا والدین کے عہدے پر بھی پہنچ گیا۔ زندگی اس حد تک اطمینان بخش تھی کہ کوئی بھی سوچ بھی نہیں سکتا تھا کہ ایسا ہو جائے گا۔
نکولا یہ محسوس کر رہی تھی کہ بریٹ میں جسمانی طور پر تبدیلی رونما ہو رہی ہے، وہ تبدیل ہوتا دکھائی دے رہا تھا اور یہ تبدیلی کچھ ایسی تھی جو کہ اسے ڈرا رہی تھی۔
جب دونوں ڈاکٹر کے پاس گئے تو معلوم ہوا کہ بریٹ کو برین ٹیومر ہے، یہ خبر سنتے ہی میاں بیوی کے پیروں تلے زمین نکل گئی۔ ایک لمحہ کو سوچ ہی نہیں پا رہے کہ یہ کیا ہو گیا ہے۔ علاج معالجہ جاری رہا مگر حالت سنبھلنے کے بجائے ابتر ہوتی جا رہی تھی۔
اسی دوران ایک خوشخبری یہ بھی آئی کہ بریٹ ایک بار پھر باپ بننے والے ہیں، ننھی پری کی آمد متوقع تھی مگر جہاں خوشی ہونی چاہیے تھی وہاں ایک ایسا خوف موجود تھا جو سب کو اندر ہی اندر ختم کر رہا تھا۔
11 فروری 2019 کا دن وہ دن تھا جب نکولا کی زندگی میں ایک نیا راستہ کھلا اور ایک پرانا راستہ بند ہو گیا۔ نکولا نے اسی اسپتال میں ایک بچی کو جنم دیا، بریٹ آئی سی یو میں تھے مگر جب بیٹی کو ہاتھ میں محسوس کیا تو ردعمل دیا، جسے دیکھ کر ہر آنکھ اشکبار تھی۔
کیونکہ والدہ تو اپنی محبت دکھا دیتی ہے مگر ایک والد اپنی محبت کو دکھاتا نہیں ہے اور جب دکھاتا ہے تو ہر آنکھ اشکبار ہوتی ہے۔ والد نے بمشکل 2 گھنٹے بیٹی کے ساتھ گزارے ہوں گے، اور پھر بیٹی کے آتے ہی والد کی رخصتی کا وقت ہو گیا تھا۔
ہوش جا رہا تھا، آنکھوں کے سامنے بیٹی اور فیملی تھی پھر اچانک مشینوں نے کام کرنا چھوڑ دیا اور ڈاکٹرز نے بھی جواب دے دیا۔ اگرچہ یہ واقعہ 2019 کا ہے مگر اپنے درد اور احساس کی بدولت سب کی توجہ حاصل کر رہا ہے۔