پیٹرول کی بڑھتی ہوئی قلت کو دیکھتے ہوئے ایک مخیر شخص نے 19 کروڑ روپے کا پیٹرول مفت دینے کا اعلان کر دیا ہے۔ یہ مفت پیٹرول 24 مارچ کی صبح 7 بجے سے ملک کے مختلف 50 اسٹیشنز سے ملنا شروع ہوگا اور ہر شہری صرف 50 ڈالر تک کا ہی پیٹرول بھروا سکے گا۔
لیکن یہاں یہ بھی واضح کرتے چلیں کہ یہ مفت پیٹرول پاکستان میں نہیں بلکہ امریکا کی ریاست شکاگو میں مشہور امریکی تاجر اور میئر کے سابق امیدوار ڈاکٹر ولی ولسن کی جانب سے دیا جائے گا۔
یہ کوئی پہلا موقعہ نہیں جب انہوں نے مفت پیٹرول عوام میں تقسیم کیا ہو بلکہ گزشتہ ہفتے بھی انہوں نے 2 لاکھ ڈالر یعنی 3 کروڑ روپے سے زائد کا پیٹرول عوام میں مفت تقسیم کیا تھا۔
اور یہ پیٹرول لینے کیلئے عوام کا ایک سمندر 10 پیٹرول پمپس پر امڈ آیا تھا، جس کی وجہ سے اطراف کی سڑکوں پر ٹریفک کی روانی کافی متاثر ہوئی۔ اطلاعات کے مطابق اس وقت بھی ہر شہری 50 ڈالر کا ہی صرف پیٹرول بھروا سکتا تھا۔
اس وقت امریکا میں پیٹرول کی قیمتوں میں بہت اضافہ ہوگیا ہے اور ایک ماہ کے دوران پیٹرول 60 سینٹ سے زائد مہنگا ہوکر 4 ڈالر 63 سینٹ تک پہنچ گیا ہے جو کہ ایک بلند ترین سطح ہے۔
واضح رہے کہ پیٹرول مہنگا ہونےکی وجہ کورونا وائرس میں کمی آنے کے بعد معاشی سرگرمیوں میں تیزی، روس یوکرین جنگ اور امریکا میں تیل کی لائن کے ایک بڑے معاہدے کی منسوخی بتائی جارہی ہے۔