پاکستان میں مرد حضرات تو کامیابی کی سیڑھی پر پہنچ ہی جاتے ہیں، لیکن خواتین کو کئی مشکلات پیش آتی ہیں۔
لیکن ہماری ویب ڈاٹ کام کی اس خبر میں آپ کو ایک ایسی خاتون افسر سے متعلق بتائیں گے، جس نے ناکامی کے باوجود کامیابی حاصل کی۔
سوشل میڈیا پر ان دنوں پاکستان آرمی میں ذمہ داری نبھانے والی خاتون افسر کو کافی سراہا جا رہا ہے، جو کہ نہ صرف خواتین بلکہ مرد حضرات کے لیے بھی مشعل راہ بن گئی ہیں۔
سندھ کے شہر شکارپور سے تعلق رکھنے والی سیدہ حنا شاہ نے سندھ پبلک سروس کمیشن کا امتحان دیا، سیدہ حنا کو اس بات کا یقین تھا کہ وہ ایک نا ایک دن ایک اعلیٰ افسر بن کر والدین کا نام روشن ضرور کرے گی۔
تاہم سندھ پبلک سروس کمیشن میں ناکامی نے انہیں روکنے کی کوشش کی، مگر بلند ہمت اور چٹان جیسے حوصلے اس ناکامی پر ٹس سے مس نہ ہوئے اور سیدہ حنا نے دوبارہ تیاری شروع کی، پاکستان آرمی میں بھی بطور کمیشن امتحان پاس کر کے ادارے میں اعلیٰ افسر منتخب ہوئیں۔
کامیابی کا سفر یہاں آ کر بھی اختتام نہیں ہوا بلکہ سیدہ حنا نے فیڈرل پبلک سروس کمیشن میں بھی اپلائی کیا اور اس کا امتحان پاس کر کے نمایاں پوزیشن حاصل کی۔
اور اب سیدہ حنا فیڈرل ڈیپارٹمنٹ آف آڈٹ اور اکاؤنٹس کے شعبے میں ذمہ داریاں نبھا رہی ہیں، دلچسپ بات یہ بھی ہے کہ سیدہ حنا کے 7 سالہ اور 5 سالہ بچے بھی ہیں، ماں ہونے کے ساتھ ساتھ حنا نے نہ صرف ملک و قوم کی خدمت میں اپنی ذمہ داری کو نبھایا بلکہ ہر مشکل کو پار کر کے اعلیٰ افسر بننے کا اپنا خواب بھی پورا کیا۔ اس سب میں ان کے شوہر اور والدنے انہیں اول تا آخر سپورٹ کیا ہے۔