کراچی کو وفاق کا حصہ بنایا جائے، 18ویں ترمیم کے ذریعے ہماری نسل کشی ہو رہی ہے، مصطفیٰ کمال

image

ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما اور وفاقی وزیر مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ 18ویں ترمیم کے تحت کراچی کے عوام کی نسل کشی ہو رہی ہے لہٰذا وفاقی حکومت آئین کے آرٹیکل 148 اور 149 کے تحت کراچی کو وفاق کا حصہ بنائے۔

کراچی میں بہادرآباد آفس میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مصطفیٰ کمال نے کہا کہ یہ شہر ایسا نہیں تھا کتنا خون دیں اور کتنے حادثات برداشت کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ صرف انتظامی ناکامی نہیں بلکہ نسل کشی کا مسئلہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ انسانوں کی تسلیاں کوئی اہمیت نہیں رکھتیں، ایم کیو ایم بڑی جماعتوں میں سے ایک ہے اور ہم اپنی ذمہ داری اچھی طرح سمجھتے ہیں۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ یہ نہ دیکھا جائے کہ میں کس لہجے میں بات کر رہا ہوں بلکہ یہ دیکھا جائے کہ میں کیا کہہ رہا ہوں۔ انہوں نے ریاست سے مطالبہ کیا کہ کراچی کو وفاق کے ماتحت کیا جائے۔

مصطفیٰ کمال نے کہا کہ جب بھی شہر کے لیے بات کی جاتی ہے تو جواب میں پرانے الزامات دہرائے جاتے ہیں جیسے بلدیہ فیکٹری، بھتہ خوری اور دیگر واقعات۔ انہوں نے کہا کہ کیا مشرقی پاکستان میں ادھر ہم ادھر تم کا نعرہ ایم کیو ایم نے لگایا تھا؟ کیا 27 دسمبر کو بینظیر بھٹو کی شہادت پر دکانیں اور فیکٹریاں ایم کیو ایم نے جلائی تھیں؟ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی ہم پر الزامات لگاتی ہے جبکہ ان کے اپنے دامن پر بھی کئی سوالیہ نشان ہیں۔

مصطفیٰ کمال نے کہا کہ ایک وقت تھا جب ایک دن میں 100 لوگ مرتے تھے، یہ کھلی جمہوری دہشت گردی ہے۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ کتنے اور لوگ جل کر مریں گے، کتنے مزید بچے گٹر میں گر کر جان سے جائیں گے، ہماری داد رسی کب ہوگی؟ انہوں نے کہا کہ دنیا چاند پر جا رہی ہے اور کراچی میں بچے گٹروں میں گر کر مر جاتے ہیں۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ سندھ میں 18 سال سے ایک ہی جماعت کی حکمرانی ہے اور ایسے سانحات کا انتظار کیا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم کے دور میں بھی آگ کے واقعات ہوئے بولٹن مارکیٹ کی آگ کون بھول سکتا ہے مگر مسئلہ یہ ہے کہ کوئی جواب دہی نہیں۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم چاہتے ہوئے بھی کراچی کے لیے کچھ نہیں کر سکتے کیونکہ پیپلز پارٹی ناراض ہو جاتی ہے اور حکومت چلانے کے لیے اس کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں کوئی ٹائم لائن دے دی جائے کہ ہمارے شہر میں مزید کتنے لوگ مریں گے تاکہ ہمیں صبر آ جائے۔

مصطفیٰ کمال نے زور دیتے ہوئے کہا کہ اب بہت ہو چکا، یہ نظام نہیں سدھرے گا۔ کراچی کو فیڈرل ٹیریٹری کا حصہ بنایا جائے، اسے وفاق کے انڈر لیا جائے اور فنانشل کیپیٹل ڈکلیئر کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ 18ویں ترمیم کا ڈرامہ اب ختم ہونا چاہیے کیونکہ اسی کے ذریعے ہماری نسل کشی ہو رہی ہے، یہ ترمیم ملک کے لیے ناسور بن چکی ہے اور اسے فوری ختم کیا جانا چاہیے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US