ترکیہ کی سن ایکسپریس ائیرلائنزنے پاکستان سے باقاعدہ فلائٹ آپریشن شروع کرنے کی اجازت مانگ لی ہے۔
ایتھوپین ایئرلائن کے بعد ترکیہ کی سن ایکسپریس ایئرلائنز نے پاکستان میں فضائی آپریشن شروع کرنے میں دلچسپی ظاہر کی ہے۔ ترجمان سول ایوی ایشن سیف اللہ نے اردو نیوز سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ’ ترکیہ کی سن ایکسپریس ایئرلائنز نے پاکستان سے باقاعدہ آپریشن شروع کرنے کے لیے سول ایوی ایشن اتھارٹی کو درخواست دی ہے‘۔ان کا مزید کہنا تھا کہ ’سول ایوی ایشن نے یہ درخواست وزارت ہوا بازی کو ارسال کی ہے۔ وزارت سے منظوری کے بعد سن ایکسپریس پاکستان میں اپنے آپریشنز کا آغاز کرے گی‘۔ترجمان کے مطابق ’ پاکستان سے ترکیہ سمیت دیگر ممالک کے لیے سفر کرنے والے اس نئی ایئرلائنز کے آپریشنز شروع ہونے کے بعد اس میں سفر کرسکیں گے‘۔