چنئی: ریسٹورنٹ کا بل دیکھ کر نیوزی لینڈ سے آیا بچہ حیران، ویڈیو وائرل

image

بھارتی ریاست تامل ناڈو کے دارالحکومت چنئی میں نیوزی لینڈ سے آنے والا ایک بچہ ریسٹورنٹ میں کھانے کا بل دیکھ کر حیران رہ گیا جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو گئی ہے۔

وائرل ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ بچہ اپنی والدہ کے ہمراہ ریسٹورنٹ سے باہر نکلنے کے بعد 7 دسمبر 2025ء کی تاریخ والا کاغذی بل غور سے دیکھتا ہے اور مجموعی رقم جان کر دنگ رہ جاتا ہے۔ بل میں بے بی کارن منچورین، بونڈا، دہی پاپڑی، اسپیشل فالودہ، اڈلی، پنیر مسالا ڈوسا اور ویج نوڈلز شامل ہیں۔

بچے نے ایک ایک ڈش گنتے ہوئے حیرت کا اظہار کیا کہ سات مختلف آئٹمز کا مجموعی بل صرف تقریباً 30 نیوزی لینڈ ڈالرز، یعنی 1502 بھارتی روپے بنا۔ ویڈیو میں اس کا کہنا ہے کہ نیوزی لینڈ میں اتنی رقم میں بمشکل دو سے تین چیزیں ہی ملتی ہیں۔

انسٹاگرام پر شیئر کی گئی اس ویڈیو پر صارفین کی جانب سے دلچسپ تبصرے سامنے آ رہے ہیں۔ بعض صارفین نے کہا کہ اگر یہ بچہ بھارتی تنخواہوں کی سلپس دیکھ لے تو اس کا ردِعمل مزید دلچسپ ہوگا جبکہ کچھ کا کہنا تھا کہ سات آئٹمز کے لیے 1500 روپے اب بھی مہنگے ہیں۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US