نانگا پربت پر پھنسے کوہ پیما کو بچایا جائے، وزیراعظم کی حکام کو ہدایت

image
وزیراعظم شہباز شریف نے نانگا پربت پر پھنس جانے والے کوہ پیما کے بیٹے کی اپیل کا نوٹس لیتے ہوئے ریسکیو آپریشن کی ہدایات جاری کی ہیں۔

کوہ پیما آصف بھٹی کے بارے میں اطلاعات ہیں کہ وہ مہم کے دوران آٹھ ہزار میٹر کی بلندی پر پھنس گئے ہیں۔

 آصف بھٹی کے بیٹے واصف بھٹی نے سوشل میڈیا کے ذریعے وزیراعظم شہباز شریف سے مدد کی اپیل کی تھی۔

وزیراعظم نے حکام کو کوہ پیما کے بیٹے سے رابطہ کر کے تسلی دینے کی ہدایت بھی کی ہے۔

وزیراعظم کی جانب سے چیف سیکریٹری گلگت بلتستان کو کوہ پیما کی بحفاظت واپسی کے لیے اقدامات کرنے کی ہدایت کی گئی ہے جبکہ آرمی حکام کو ریسکیو آپریشن شروع کرنے کا کہا گیا ہے۔

پیر کو الپائن کلب آف پاکستان کے سیکریٹری جنرل کرار حیدری نے اردو نیوز کے رابطہ کرنے پر  بتایا تھا کہ ’آصف بھٹی آٹھ ہزار میٹر بلندی پر سنو بلائنڈنیس (یعنی برف کی وجہ سے دکھائی نہ دینے کے مسئلے) کا شکار ہو گئے ہیں۔

کرار حیدری کے بقول ’آصف بھٹی کو ریسکیو کرنے کی کوششیں کر رہے ہیں اور اس حوالے سے مقامی افراد سے بھی تعاون لیا جا رہا ہے۔‘

آصف بھٹی کے بارے میں اطلاعات ہیں کہ وہ آٹھ ہزار میٹر کی بلندی پر پھنس گئے ہیں۔ (فوٹو: الپائن کلب)

انہوں نے بتایا کہ ’آصف بھٹی کے ساتھ پیش آنے والے واقعے کا علم ان کے رابطہ کرنے سے ہی ہوا۔‘

نانگا پربت دنیا کی نویں بلند ترین چوٹی ہے جسے سر کرتے ہوئے ماضی میں ایک ہسپانوی کوہ پیما بھی موت کا شکار ہو گیا تھا۔

ثمینہ بیگ اور نائلہ کیانی کے علاوہ چند دیگر پاکستانی کوہ پیما اس سے قبل نانگا پربت کی چوٹی سر کر چکے ہیں۔


News Source   News Source Text

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US