کچے میں پولیس آپریشن، 19 مغویان میں سے 14 مسافر بازیاب، ایک دل کا دورہ پڑنے سے ہلاک

image

گڈو کشمور لنک روڈ سے مسافر بس سے اغوا کیے گئے مسافروں کے معاملے میں پولیس نے بڑی کامیابی حاصل کرتے ہوئے مقابلے کے بعد 19 میں سے 14 مسافروں کو بازیاب کرا لیا ہے، جبکہ کچے کے علاقے میں ڈاکوؤں کے خلاف آپریشن تاحال جاری ہے۔

ایس ایس پی گھوٹکی کے مطابق مسافروں کے اغوا کے بعد پولیس اور کچے کے ڈاکوؤں کے درمیان کچے کے علاقے سون میانی کے قریب مقابلہ ہوا جس کے نتیجے میں 14 مغویوں کو بحفاظت بازیاب کروا لیا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ آپریشن میں بکتر بند گاڑیوں اور جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کیا گیا، جبکہ ڈاکوؤں کے ٹھکانوں پر ڈرون حملے بھی کیے گئے۔

ایس ایس پی کا کہنا تھا کہ شدید دھند کے باعث آپریشن میں مشکلات کا سامنا رہا، تاہم پولیس کی کارروائیاں مسلسل جاری ہیں۔ بازیاب کرائے گئے مسافروں میں سے دو افراد زخمی ہوئے، جنہیں طبی امداد کے لیے اوباڑو اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جبکہ تمام بازیاب مغویوں کو محفوظ مقام پر منتقل کر دیا گیا ہے۔

گذشتہ شب اوباڑو کے قریب کنبھڑا تھانہ کی حدود گڈو لنک روڈ مرید شاخ میں 50 کے قریب مسلح ڈاکوؤں نے صادق آباد سے کوئٹہ کی طرف جانے والی مسافر بس سدا بہار کوچ کو فائرنگ کرکے روک لیا تھا، مسافر بس سے لوٹ مار کے بعد ڈاکوؤں نے 19 مسافروں کو اغوا کرلیا تھا۔

پولیس اور رینجرز کی کچہ سون میانی میں مشترکہ کارروائیوں کے دوران 14 مغویان محمد عرفان، لعل خان، عمیر، ذوالفقار، شاہین اکبر، عبدالنبی، علی حیدر، محمد مدنی، راشد، فیروز خان، عماد اور دیگر کو بحفاظت بازیاب کروا لیا گیا ہے، جبکہ ایک مغوی بلوچستان جعفر آباد کا رہائشی رحیم بخش بلیدی دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کرگیا۔

پولیس اور رینجرز کی مشترکہ کارروائی کے دوران ایک پولیس اہلکار صفدر عرف ہیرو چاچڑ زخمی ہوا ہے جسے شیخ زید اسپتال رحیم یار خان منتقل کردیا گیا ہے، ایس ایس پی گھوٹکی کے مطابق مزید چار مغویان کو بھی جلد بازیاب کروا لیا جائے گا۔

ڈی ایس پی اوباڑو کے مطابق پولیس نے پورے علاقے کی ناکہ بندی کر رکھی ہے بھاری نفری تعینات ہے اور ڈاکوؤں کے ساتھ فائرنگ کا تبادلہ بدستور جاری ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ دیگر مغویوں کی بازیابی اور ڈاکوؤں کے مکمل خاتمے تک آپریشن جاری رہے گا۔

واضح رہے کہ گڈو کشمور لنک روڈ پر مسافر بس پر مسلح ڈاکوؤں نے شدید فائرنگ کرکے بس کے تین ٹائر برسٹ کردیے تھے۔ عینی شاہدین کے مطابق ڈاکوؤں نے بس سے مرد مسافروں کو تشدد کا نشانہ بناتے ہوئے نیچے اتار کر اغوا کیا گیا جبکہ خواتین اور بچوں کو چھوڑ دیا گیا۔ عینی شاہد کا کہنا ہے کہ ڈاکو تقریباً آدھے گھنٹے تک فائرنگ کرتے رہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US