ایک اور ’لو سٹوری‘، انجو کے بعد چینی لڑکی پاکستانی دوست سے ملنے دیر پہنچ گئیں

image

انڈین خاتون انجو کے بعد خیبر پختونخوا کے ضلع دیر کے علاقے ثمر باغ کے رہائشی نوجوان سے ملنے کے لیے چینی لڑکی پہنچی ہیں۔

چینی لڑکی گاؤفنگ دو روز قبل جاوید ہاشمی سے ملنے کے لیے دیر آئی تھیں۔ تھانہ ثمر باغ کے ایس ایچ او اکرام اللہ خان نے اردو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے چینی خاتون کی آمد کی تصدیق کی۔

انہوں نے بتایا کہ ’چین سے لڑکی وزٹ ویزے پر آئی ہیں جس کے پاس مکمل سفری دستاویزات موجود تھیں، چینی لڑکی کے پاس تین ماہ کا ویزہ موجود ہے۔‘

پولیس نے چینی لڑکی کو ایس او پیز کے مطابق سکیورٹی بھی فراہم کی ہے۔ پولیس افسر اکرام اللہ کے مطابق چینی مہمان تین دن گزارنے کے بعد اسلام آباد واپس چلی گئی ہیں۔ 

کیا چینی لڑکی اور مقامی نوجوان کا نکاح ہوگیا؟

پولیس سٹیشن ثمر باغ کے ایس ایچ او نے موقف اپنایا کہ ’دونوں کے نکاح کی خبریں ملی ہیں، لیکن یہ نکاح کہاں ہوا اس کا علم نہیں ہے، عین ممکن ہے کہ نوجوان بھی چینی دوست کے ساتھ اسلام آباد گیا ہو۔‘

ثمر باغ کے رہائشی جنید خان نے اردو نیوز کو بتایا کہ ’جاوید ہاشمی ضلع باجوڑ کے رہائشی ہیں جو اپنی فیملی کے ساتھ لوئر دیر میں رہائش پذیر ہیں، اور ان کی عمر 19 سال ہے۔ ان کی سوشل میڈیا پر چین کی لڑکی سے دوستی ہوئی تھی۔‘

ان کا کہنا تھا کہ جاوید ہاشمی چین سے آئی دوست کو لے کر دیر کی سیر کروانے گئے تھے۔ ان کے نکاح سے متعلق متضاد خبریں آرہی ہیں، تاہم اس بارے میں تصدیق کیے بغیر کچھ نہیں کہا جا سکتا۔‘ 

واضح رہے کہ کچھ روز قبل انڈیا سے انجو نامی خاتون بھی اپنے فیس بک دوست نصراللہ سے ملنے اپر دیر آئی تھیں اور دونوں کا نکاح منگل کو ہوا تھا جس کے بعد انجو کا نیا نام فاطمہ رکھا گیا ہے۔


News Source   News Source Text

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US