بہار کا برج خلیفہ۔۔بھارتی شہری نے بیوی کیلئے صرف 6 فٹ زمین پر 5 منزلہ گھر کیسے بنالیا؟

image

دنیا میں محبت کیلئے لوگوں نے بڑے بڑے کارنامے انجام دئیے ہیں، کسی نے تاج محل بنوادیئے تو کسی نے یادگاریں تعمیر کروادیں، بھارت میں ایک شخص نے اپنی بیوی کیلئے صرف 6 فٹ زمین پر پانچ منزلہ عمارت بناکر پوری دنیا کی توجہ حاصل کرلی ہے۔

بھارتی ریاست بہار کے علاقے گنی پور میں واقع عمارت صرف 6 فٹ زمین پر تعمیر کی گئی ہے جب کہ گھر کے اندر سے چوڑائی صرف 5 فٹ ہے۔

عمارت کو 2015 میں سنتوش نامی شخص نے اپنی بیوی کے لیے بنوایا تھا، جوڑے نے اپنی شادی کے بعد 6 فٹ کی زمین خریدی، تھوڑی سی جگہ کے پیش نظر مالک سنتوش نے ایک انجینئر سے ملاقات کے دوران اس عمارت کا نقشہ منظور کروالیا تھا۔

5 منزلہ عمارت کی تعمیر اس انداز میں کی گئی ہے کہ بہت کم جگہ ہونے کے باوجود اس میں کچن، باتھ روم اور بیڈ روم سمیت تمام سہولیات موجود ہیں، عمارت کو 2 حصوں میں تقسیم کیا گیا ہے جس کے پہلے حصے میں سیڑھیاں اور دوسرے میں کمرے تعمیر کیے گئے ہیں۔

سوشل میڈیا صارفین نے اس عمارت کو بہار کا ’برج خلیفہ ‘ یا بہار کا ’ ایفل ٹاور ‘ قرار دیا ہے جبکہ عمارت کا موازنہ تاج محل سے بھی کیا جارہا ہے کیوں کہ عمارت سیاحوں کی توجہ کا مرکز بھی بنی ہوئی ہے ۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US