استحکام پاکستان پارٹی کے سربراہ جہانگیرترین کا سیاست چھوڑنےکا اعلان

image

استحکام پاکستان پارٹی کے چیئرمین جہانگیر ترین نے دو حلقوں سے شکست کے بعد پارٹی سربراہی سے استعفیٰ دیتے ہوئے سیاست چھوڑنے کا اعلان کر دیا ہے۔ 

سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے ایک ٹویٹ میں ان کا کہنا تھا کہ ’میں ان تمام لوگوں کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں جنہوں نے اس الیکشن میں میری حمایت کی اور اپنے مخالفین کو مبارکباد پیش کرنا چاہتا ہوں۔‘

’میں پاکستانی عوام کی مرضی کا بے پناہ احترام کرتا ہوں۔ اس لیے میں نے آئی پی پی کے چیئرمین کے عہدے سے استعفیٰ دینے اور سیاست سے یکسر کنارہ کشی اختیار کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔‘

انھوں نے کہا کہ ’میں آئی پی پی کے تمام ممبران کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔ میں ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتا ہوں۔ اللہ کے فضل و کرم سے میں ذاتی حیثیت میں اپنی صلاحیت کے مطابق اپنے ملک کی خدمت کرتا رہوں گا۔‘

استحکام پاکستان پارٹی کے سربراہ جہانگیر ترین کو قومی اسمبلی کی دونوں نشستوں پر شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔  این اے 155 لودھراں کے نتائج کے مطابق مسلم ن لیگ کے صدیق خان بلوچ 117671 ووٹ لے جہانگیر ترین کو شکست دی تھی۔ جہانگیر ترین نے  71128 ووٹ لیے تھے۔ 

اسی طرح این اے 149 سے تحریک انصاف کے حمایت یافتہ آزاد امیدوار ملک عامر ڈوگر 143613 ووٹ لے کر کامیاب قرار پائے تھے اور انھوں نے جہانگیر خان ترین کو شکست دی تھی جو صرف 50166 ووٹ ہی لے سکے تھے۔


News Source   News Source Text

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US